پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیرصدارت ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تغیرات کے حوالے سے اجلاس

لاہور27 ستمبر : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے محکمہ ماحولیات کو ازسرنو منظم کرنے اور ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کی تنظیم نو کی ہدایت کی ہے۔ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی مکمل خودمختار ہوگی اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کی ذمہ دار ہوگی۔وہ آج یہاں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور موسمی تغیرات کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے اور اس ضمن میں محکمہ ماحولیات کو اپنا بھرپور کردار اداکرنا ہوگا۔ انہوں نے ماحول کے تحفظ کیلئے مجوزہ ایجنسی کے قیام میں تساہل برتنے اور بروقت فعال اور موثر ادارہ نہ بنانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کی فی الفور تنظیم نو کی جائے اور محکمے کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے بھی ازسرنو منظم کیا جائے۔ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی میں اس شعبے سے متعلقہ ماہرین کو شامل کرکے استعدادکار میں اضافہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ضمن میں فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے اور انہیں یہ ذمہ داری بطریق احسن ادا کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے حوالے سے قوانین میں ضروری رد و بدل کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور اس ضمن میں 7 روز میں سفارشات پیش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ماحولیات کی کارکردگی کو کسی طور پر تسلی بخش قرار نہیں دیا جاسکتا، اس لئے محکمہ کو اب جاگنا ہوگا اوراپنے آپ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے کارکردگی دکھانا ہوگی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ماحولیات بیگم ذکیہ شاہنواز، پارلیمانی سیکرٹری اکمل سیف چٹھہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام نے سول سیکرٹریٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔