پنجاب حکومت

اربوں روپے بچانے والی مخلص قیادت پرالزامات کی کوئی حیثیت نہیں شہباز شریف

لاہور(ملت آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی سردار اویس لغاری نے ملاقات کی جس میں سیاسی امور اورجنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہی مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا شعارہے اور ہمارے مخالفین کو ملک کی تیزرفتار ترقی کھٹکتی ہے ۔ منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو یقینی بناکرملکی تاریخ میں اربوں روپے بچائے گئے ، اربوں روپے بچانے والی مخلص قیادت پر بے بنیاد الزامات کی کوئی حیثیت نہیں ۔ ہمارا جینا مرنا عوام کیساتھ ہے اور ملک کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی ۔ ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے اموراورملک کی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگراموں پر منفی سیاست کرنے والے ملک دشمنی کررہے ہیں ۔ ترقی و خوشحالی کے دشمن سی پیک کے عظیم الشان منصوبے میں بھی رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں ، باشعور عوام ان سیاسی عناصر کے منفی ایجنڈے کا نہ پہلے حصہ بنے نہ آئندہ بنیں گے ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے تمام ضروری انتظامات مکمل رکھے جائیں اور اس ضمن میں متعلقہ ادارے پوری طرح چوکس رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں اور متعلقہ محکمے اور ادارے بہترین رابطہ کاری کے تحت فرائض سرانجام دیں۔ متعلقہ محکمے بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے ایمرجنسی پلان مرتب کریں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دریاؤں کے بند وں کی تعمیر و مرمت کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے ۔ دریں اثنا شہبازشریف سے چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل لی چیو ڈونگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،جس میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر پیشرفت ،انڈسٹریل پارکس اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا ، شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان اور چین کی قیادت نے نئی تاریخ رقم کی ہے اورسی پیک کے تحت منصوبوں پر جس رفتار سے کام کیا جا رہاہے ملکی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ، سی پیک دنیا بھر میں ایک کامیاب ماڈل بن کر سامنے آیا ہے اورسی پیک کے منصوبوں کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں۔