لاہور(ملت + آئی این پی ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جمعرات کویہاں لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے امریکی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین اچھے دوستانہ تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران کئی شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور معاشی پالیسیوں کی بنا پر آج پاکستان کا شمار دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ہو رہا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ توانائی سمیت مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن کی تکمیل کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013 کے مقابلے میں محفوظ، پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہے اور افواج پاکستان،عوام اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں ۔ انہو ں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے دنوں میں پاک امریکہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگااوران میں مزید بہتری آئے گی۔ امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں ترقیاتی کاموں کی تیزی سے تکمیل کو سراہا اور پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے اوربھٹہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔
پنجاب حکومت
وزیراعلیٰ پنجاب سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات
