لاہور(ملت + آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن(ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے ہسپتالوں میں اصلاحات اور معیار ی طبی سہولتوں کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور ہسپتالوں میں سروس ڈلیوری سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے پنجاب کے چار بڑے ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی مزید بہتری کے لئے تکنیکی معاونت کی فراہمی پر آمادگی کا اظہارکیا ۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے جس کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں تاکہ دکھی انسانیت کی صحیح معنوں میں خدمت کی جاسکے اور انہیں ہسپتالوں میں علاج معالجے کی جدید ومعیاری سہولتیں ملیں ۔ انہوں نے کہا کہ معیاری طبی سہولتوں تک رسائی مریضوں کا حق ہے اور پنجاب حکومت مریضوں کو یہ حق ہر قیمت پر دے گی اور اسی مقصد کیلئے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ہر اس کامیاب تجربے اور مہارت سے استفادہ کریں گے جس سے دکھی انسانیت کو فائدہ پہنچے۔انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے پنجاب کے چار بڑے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کی بہتری کے لئے آمادگی کا اظہار خوش آئند ہے اور پنجاب حکومت ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی تکنیکی معاونت کا خیر مقدم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ معیاری طبی سہولتوں کو یقینی بنانے کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں اورپنجاب حکومت نے شعبہ صحت کیلئے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا ہے ، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے مریض بھی مطمئن ہوں۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ پنجاب کے چار بڑے ہسپتالوں کو رول ماڈل بنانے کے لئے قابل عمل سفارشات کو جلد حتمی شکل دی جائے اوران سفارشات کی روشنی میں حتمی پروگرام مرتب کرکے تیزی سے آگے بڑھا جائے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندوں نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کامریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کا ویڑن انتہائی شاندار ہے اورہم ان کے ویڑن کے مطابق ہسپتالوں میں بہتری لانے کے لئے تکنیکی معاونت کی فراہمی پر تیار ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا،مشیرصحت خواجہ سلمان رفیق،پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،چےئرمین منصوبہ بندی وترقیات کے علاوہ ڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹرمائیکل تھرین(Dr.Michel Thieren)کے علاوہ طبی ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔
پنجاب حکومت
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا صحت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب
