پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے میجر جنرل عابدرفیق کی ملاقات

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے منگل کو یہاں کمانڈ ر سپیشل سکیورٹی ڈویڑن میجر جنرل عابدرفیق نے ملاقات کی،جس میں کمانڈر سپیشل سکیورٹی ڈویڑن نے وزیراعلیٰ کو چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت موجودہ پراجیکٹس پر سکیورٹی انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مربوط سکیورٹی اقدامات پرسپیشل سکیورٹی ڈویڑن کے مثالی کردار پر اطمینا ن کااظہارکیا۔ ملاقات میں سی پیک کے منصوبوں کی سکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کیلئے گیم چینجرثابت ہورہا ہے۔سی پیک کے عظیم الشان منصوبے کے تحت چین پاکستان میں 50ارب ڈالر کی تاریخ ساز سرمایہ کاری کررہا ہے۔سی پیک ہم سب کی مشترکہ منزل ہے اوراس کا فائدہ پوری قوم کو پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت کے اجتماعی اقدامات کے باعث سی پیک کے منصوبوں پر حیران کن پیش رفت ہورہی ہے۔ پاکستان کے 20 کروڑ عوام سی پیک کے غیر معمولی ثمرات سے مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل سکیورٹی ڈویڑن نے انتہائی موثر انداز میں اقدامات اٹھائے ہیں جس پر میں کمانڈر سپیشل سکیورٹی ڈویڑن میجر جنرل عابد رفیق اوران کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔سی پیک کے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے ہم نے تسلسل سے بہترین کوآرڈینیشن کیساتھ آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت جو منصوبے لگ رہے ہیں ان پر کام کی رفتار بے مثال ہے۔ کئی منصوبے آج آسمانوں سے باتیں کررہے ہیں۔سی پیک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولی ہے۔پنجاب حکومت نے بھی ان منصوبوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیاہے۔ میجرجنرل عابدرفیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی سکیورٹی محفوظ ہاتھوں میں ہے اورہم اس منصوبے کی تکمیل کیلئے ملکر کام کرتے رہیں گے۔صوبائی وزیرانسداددہشت گردی کرنل (ر) محمد ایوب،سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان،ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آپریشنز پنجاب عارف نواز، بریگیڈ کمانڈر سپیشل سکیورٹی ڈویڑن بریگیڈئر وسیم،بریگیڈئر مقبول اوراعلی سول وعسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔