وزیر اعلیٰ پنجاب میڈیا پر برہم ، کھری کھری سنا دیں
لاہور (ملت آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف میڈیا کی جانب سے خصوصی طیارے بارے سوال پوچھنے پر غصے میں آگئے اور صحافی کو کھری کھری سنا دیں۔ اپنے دورہ سعودی عرب سے لاہور واپس پہنچنے پر وزیر اعلیٰ سیدھے کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ سنٹر پہنچے اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا میاں نواز شریف ان کے ترقیاتی کاموں سے خائف ہیں ، علاوہ ازیں ان سے پوچھا گیا کہ تین بار ملک کے وزیر اعظم رہنے والے میاں نواز شریف نجی ایئرلائنز سے سفر کرتے ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو لینے کیلئے خصوصی طیارہ کیوں آتا ہے تو اس سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ غصے میں آگئے اور صحافی سے کہا کہ مجھے اس بحث میں کیوں شامل کر رہے ہیں ، کبھی کہا جاتا ہے کہ کوئی خصوصی طیارہ آیا تھا ،کبھی کچھ اور قیاس آرائیاں کی جاتی ہیں ، آپ لوگ خدا کا خوف کریں اور ایسی باتوں سے گریز کریں۔