لاہور:(ملت) :وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں جعلی و غیر معیاری ادویات کے خاتمے اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدمات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے جعلی و غیرمعیاری ادویات کے خلاف مہم کو مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی جاری رکھی جائے۔ انہو ں نے کہا کہ جعلی و غیر معیاری ادویات تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف سزائیں سخت کی گئی ہیں اور جرمانوں کو بڑھایا گیا ہے۔ معیاری ادویات ہر مریض کا حق ہے اور یہ حق انہیں ہرصورت پہنچائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے لاہور میں جدید ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے جبکہ دیگر پانچ شہروں میں بھی اس ضمن میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کو اپ گریڈ کیاجارہاہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نئے تربیت یافتہ عملے کولاہورکی ڈرگ ٹیسٹنگ لیب میں جلد تعینات کیا جائے اور ادویات کے نمونے بیرون ملک دنیا کی بہترین لیبارٹریوں سے بھی چیک کرائے جائیں۔ انہو ں نے کہا کہ صوبے سے جعلی اور غیر معیاری ادویات کا گورکھ دھندا ہر قیمت پر بند کرائیں گے۔متعلقہ محکموں اور اداروں کو اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے جذبے، عزم اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دینا ہیں۔ صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، خواجہ عمران نذیر، اعزازی مشیر ڈاکٹر عمر سیف ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، سیکرٹریز قانون ، پراسیکیوشن ، سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈمیڈیکل ایجوکیشن، پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ ، وائس چانسلرکنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ، ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
پنجاب حکومت
وزیراعلیٰ پنجاب کا جعلی و غیرمعیاری ادویات کے خلاف مہم کو مزید تیز کرنے کا حکم
