لاہور (ملت + آئی این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم بنیادی اہمیت کا حامل ہے اور اس جدید نظام کے ذریعے ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج میں بہت بہتری آئے گی۔ سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم لگانے کے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے پروگرام کو آگے بڑھانے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے جامع سفارشات جلد پیش کی جائیں۔وہ جمعرات کو یہاں ہیلتھ کئیر سیکٹر کے کورین ماہرین کی جانب سے ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے بارے میں بریفنگ دینے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں اور صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عبادت سے کم نہیں اور اسی جذبے سے ہم طبی شعبے کی بہتری کیلئے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے جس قدر وسائل بھی درکار ہوں گے مہیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہسپتالوں کی بہتری کا بیڑا اٹھایا ہے اور اس ضمن میں میں خود ہسپتالوں کے دورے کر رہا ہوں تاکہ نہ صرف ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لے سکوں اوروہاں پائی جانے والی خامیوں کو فوری دو رکرنے کیلئے اقدامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔ معیاری طبی سہولتیں عوام کا حق ہیں اور حکومت کا ان سہولتوں کی فراہمی فرض ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم بے حد اہمیت کا حامل ہے جس سے نظام میں بہتر تبدیلیاں آئیں گی اور علاج معالجے کیلئے مریضوں کے وقت کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم کو پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دیگر ہسپتالوں میں اس نظام کی تنصیب کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو جلد اپنی جامع سفارشات پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری کیلئے ہم سب نے مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہے اور اس مقصد کیلئے شعبہ طب سے وابستہ افراد کو اپنے فرائض محنت اور تندہی سے سرانجام دینا ہوں گے۔ وسائل کی ہرگز کمی نہیں بلکہ حالات صرف احساس ذمہ داری کے متقاضی ہیں۔ وسائل کا بہترین مصرف عمل میں لاتے ہوئے عوام کو بہتری طبی سہولتیں فراہم کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کئیر سسٹم کے حوالے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔اجلاس میں کورین ماہرین نے ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، مشیر ڈاکٹر عمر سیف، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
پنجاب حکومت
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، بریفنگ
