لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت منگل کو یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری اور عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جاری پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ نے 36 اضلاع کیلئے انسی نریٹرز خریدنے کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کے علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے تیزی سے اقدامات اٹھائے جائیں۔دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے سب نے مل کر ذمہ داری ادا کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے مریضوں کوان کے گھروں پر ادویات فراہم کرنے کا پروگرام بنایا ہے اور اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو ان کے گھروں پر ادویات مہیا کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو بھی ادویات گھروں پر فراہم کرنے کا جائزہ لیا جائے اوراس ضمن میں فوری طو رپر اقدامات اٹھائے جائیں۔بلاشبہ یہ مریضوں کی بہت بڑی خدمت ہوگی اوراس سے مریضوں کو ہسپتالوں کے بار بار چکر لگانے سے نجات ملے گی اور رش بھی کم ہوگا۔یہ اقدام ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔اس مریض دوست اقدام کو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ وسعت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ادویات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق محفوظ رکھنے کیلئے جدید ویئر ہاؤس بنا رہی ہے اوراس ضمن میں کولڈ چین مینجمنٹ کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ آئندہ مالی سال سے صرف سیریلائزڈ ادویات خریدی جائیں گی اوران ادویات پر بارکوڈ بھی ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول پروگرام کے تحت مربوط اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انسی نریٹرز کی تنصیب کے ذریعے ہسپتال ویسٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے میں مدد ملے گی۔نجی ہسپتالوں کو بھی ویسٹ کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ادویات کے نمونے بیرون ملک کی بہترین لیبارٹریوں سے چیک کرائے جائیں گے۔پنجاب حکومت عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے ہر ضروری اقدام کرے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت سالانہ مفت ادویات کی فراہمی پر 6 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ لاہور میں جدید ڈرگ ٹیسٹنگ لیب مکمل طور پر فنکشنل ہو چکی ہے اوراس لیب میں پیپرلیس نظام رائج کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر 4 شہروں میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبزکو فنکشنل کر نے کیلئے تیزی سے اقدامات کئے جائیں۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے راولپنڈی سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر عائشہ غوث پاشا، مشیر عمر سیف، سیکرٹری خزانہ، کمشنر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن، ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
پنجاب حکومت
وزیراعلیٰ پنجاب کی صوبے کے36اضلاع کیلئے انسی نریٹرز خرید نے کی منظوری
