لاہور:(ملت) : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف سے کھادپر دی جانے والی سبسڈی بحال کرنے کی درخواست کی ہے جس پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وفاقی حکومت سبسڈی کی بحالی کے بارے میں ان کی درخواست پر ہمدردی سے غور کرے گی۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کا مفاد اور بہبود مجھے دل و جان سے عزیز ہے۔ کھاد پر دی جانے والی سبسڈی کی بحالی سے پنجاب کے 2کروڑ 20لاکھ کاشتکاروں کو مجموعی طور پر77ارب روپے کی مالیت کا فائدہ پہنچے گا اور ان کی پیداواری لاگت میں8فیصد تک کمی آجائے گی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایک بیان میں کہاہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے گزشتہ برسوں کے دوران زراعت کی بہتری اور کسانوں کی بہبود کے لئے جو اقدامات کئے ہیں ان کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کے مسائل محض بیانات سے حل نہیں ہوتے بلکہ اس کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔اور دنیا جانتی ہے کہ اگر آج کسانوں کے لئے بیان بازی کرنے والوں کی حکومت جاری ہوتی تو کاشتکاروں کے منہ سے ان کا آخری نوالہ بھی چھن چکا ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی پیداوار میں مجرمانہ کوتاہی کے ذریعے کسانوں کے ٹیوب ویل بند کرانے والے آج کس منہ سے ان کی ہمدردی کاد عویٰ کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب کے ذخائر میں پہلے سے موجود کھاد کے تیارشدہ تھیلے کاشتکاروں کو موجودہ نرخوں پر سبسڈی کی رعایت سمیت مہیا کئے جائیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر کسی نے پنجاب میں کھاد کی قیمت بڑھانے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ زراعت کو بھی کھاد کی ذخیرہ اندوزی یا گراں فروشی پر کڑی نظر رکھنے اور اس کے مرتکب ہونے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے۔
پنجاب حکومت
وزیراعلیٰ پنجاب کی وزیراعظم پاکستان سے درخواست
