پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ کاغمزدہ بیٹوں،بیٹی اوردیگر لواحقین سے گہرے دکھ اورافسوس کااظہار

لاہور:(ملت) : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف جناح ہسپتال میں علاج معالجے کی مناسب سہولتیں نہ ملنے کے باعث چند روز قبل جاں بحق ہونیوالی 60سالہ خاتون زہرا بی بی کے گھرآج ٹبی کمبواں قصور گئے۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق خاتون کے غمزدہ بیٹوں،بیٹی اوردیگر لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اورہسپتال میں مناسب علاج معالجہ نہ ملنے کے باعث مریضہ زہرابی بی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونے والی خاتون زہرابی بی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اورجاں بحق خاتون کے بیٹوں،بیٹی اوردیگر لواحقین کو دلاسہ دیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے زہر ابی بی کے بیٹوں اوردیگر لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس افسوسنا ک واقعہ پر جو دکھ اوررنج ہوا ہے، وہ میں الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔آپ کا جرم اس کے سوا کچھ نہیں کہ آپ غریب ہیں۔آپ کی والدہ کے علاج معالجے میں بے حسی کا مظاہر ہ کرنے والے ڈاکٹر مسیحا کہلانے کے حقدار نہیں ۔انہوں نے کہاکہ آپ کی والدہ اگر کسی وزیراعلیٰ ،وزیریا افسر کی والدہ ہوتیں تو میں دیکھتا ان سے یہ سلوک کیسے ہوتا۔زندگی موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے لیکن زہرا بی بی کوہسپتالوں میں انسان تو سمجھا جاتا،یہ بے حسی ،مجرمانہ غفلت اور فرائض کی ادائیگی میں سنگین کوتاہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سے بڑا ظلم کیا ہوسکتا ہے کہ آپ کی و الدہ کوچار ہسپتالوں کے چکر لگوائے گئے لیکن کسی نے علاج پر توجہ نہیں دی اورجن ڈاکٹروں نے زندگی کا سہارا بننا تھا انہوں نے مریضہ کے علاج معالجے میں بے حسی کا مظاہرہ کیاحتی کہ مریضہ کو فرش پر لٹایا گیا یہ ظلم اورزیادتی کی انتہاء ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس افسوسنا ک واقعہ کی وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم سے انکوائری کرائی جارہی ہے اوررپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور رپورٹ کی سفارشات پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔ غفلت اورکوتاہی کے ذمہ دار سزا سے نہیں بچ پائیں گے جو بھی ذمہ دار پائے گئے انہیں قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مریضہ کو فوری طبی سہولتوں کی فراہمی میں بھی کوتاہی برتی گئی بلکہ اسے فرش پر لٹا کر انتہائی غیرذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کیا ، مسیحا اور شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے افراد سے ایسے غیرانسانی سلوک کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ علاج معالجے میں مجرمانہ غفلت اورکوتاہی کے باعث آپ کی پیاری والدہ دنیا سے چلی گئیں لیکن میں ہسپتالوں میں ایسی مجرمانہ غفلت کسی صورت برداشت نہیں کروں گاکیونکہ فرش پر مریضہ کو لٹانا بدترین نااہلی اور فرائض سے غفلت ہے اور میں محکمہ صحت کو ٹھیک کر کے دم لوں گا۔وزیراعلیٰ نے مرحومہ زہرا بی بی کے بیٹوں اوردیگر لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے آپ کی والدہ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ و غم کا اظہار کیا ہے اورمیں وزیراعظم کی جانب سے آپ کے ساتھ دلی ہمدردی اورتعزیت کرتا ہوں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آپ کی والدہ تو واپس نہیں لاسکتالیکن پنجاب حکومت آپ کے خاندان کی ہر ممکن دیکھ بھال کرے گی۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق مریضہ کے لواحقین کو 10لاکھ روپے مالی امداد کا چیک دیا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ نے ایک خاتون شبانہ کی درخواست پر ڈی پی او قصور کو ہدایت کی کہ خاتون کے مقتول بیٹے کے کیس کی تحقیقات جلد مکمل کی جائیں اورملزمان کو گرفتار کر کے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں ۔وزیراعلیٰ نے اس خاتون کیلئے 5لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا اور کہا کہ آپ کو انصاف ملے گا اور آپ کے اکلوتے بیٹے کو قتل کرنے والے ملزم جلد گرفتار ہوں گے۔