پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ کا کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کی سا ئٹ کا اچانک دورہ

لاہور (ملت + آئی این پی ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے جمعہ کوبارش کے دوران پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کی سائیٹ کا اچانک دورہ کیا اور منصوبے کے تعمیراتی کاموں کاجائزہ لیا ۔وزیراعلی 2گھنٹے تک منصوبے کی سائیٹ پر موجود رہے اورصحت عامہ کے اس اہم منصوبے پر ہونے والے کام کا معائنہ کیا۔وزیراعلی نے منصوبے پر انتہائی معیاری اوربرق رفتاری سے ہونے والے تعمیراتی کام کو سراہتے ہوئے کہاکہ منصوبے پر کام کی رفتار دیکھ کر مجھے بے پناہ خوشی ہوئی ہے اور منصوبے پر کام کی رفتار اور معیار دیکھ کر میرا خون بہت بڑھ گیا ہے ۔وزیراعلی سائیٹ پرکام کرنے والے مزدوروں میں گھل مل گئے اور منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ آپ ایک قومی منصوبے پر کام کر رہے ہیں اور آپ کا کردارہمیشہ یادر کھا جائے گا۔مجھے یہاں 24گھنٹے کام ہوتا دیکھ کر مسرت ہوئی ہے بلاشبہ آپ انتہائی محنت اور لگن کے ساتھ منصوبے پر کام کررہے ہیں۔وزیراعلی نے بارش کے باوجود مختلف مقامات پر جا کر منصوبے پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر وزیراعلی کوسائیٹ پرہونے والے کام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلی نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کی سائیٹ پر زیر تعمیر ہیپاٹائٹس کلینک کا دورہ کیااور ہیپاٹائٹس کلینک میں بنائے جانے والے مختلف شعبے دیکھے ۔وزیراعلی نے ہیپاٹائٹس کلینک میں تعمیراتی کام کے اعلی معیار کوسراہتے ہوئے کہاکہ ہیپاٹائٹس کلینک کا افتتاح رواں ماہ کیا جا رہاہے اور اس طرح کے ہیپاٹائٹس کلینک پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی بنائے جائیں گے۔وزیراعلی محمدشہبازشریف نے سائیٹ پر اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ فن تعمیر میں اپنی مثال آپ ہوگا اور یہ پراجیکٹ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلااور منفرد منصوبہ ہے اوریہ ادارہ جنوبی ایشیاء4 میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اس ادارے میں گردے اور جگر کے امراض کے غریب مریضوں کا مفت علاج ہو گااور انہیں اعلی معیار کی جدید طبی سہولتیں میسر ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جا رہاہے اور منصوبے کا پہلا مرحلہ رواں برس مکمل ہوجائے گااورمریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی کا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کیلئے تمام وسائل پنجاب حکومت نے فراہم کئے ہیں اور اس ادارے کو مکمل خود مختار ٹرسٹ چلائے گا۔یہ ادارہ میڈیکل ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل کرے گااور اس ادارے میں بہترین ہیومن ریسورس کاانتخاب کیا جارہاہے۔انہوں نے کہاکہ منصوبے پرکام کی رفتار اور معیارنے نئے کلچر کو متعارف کرایا ہے اور اسی کلچر کو ہم نے مزید فروغ دینا ہے ۔وزیراعلی نے ڈی جی پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ منصوبے کیلئے بہترین لینڈ سکیپنگ کی جائے اور اس کو گرین منصوبہ بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے اوراس مقصد کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے صوبے بھر میں جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال بنائے گئے ہیں اور کئی ایک ہسپتالوں کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے ۔اس موقع پر صوبائی وزراء4 خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،الابراج گروپ(Abraaj Group) کی ہیلتھ فنڈ امپیکٹ کمیٹی کے چیئرمین سر ڈیوڈ نکلسن (Sir David Nicholson)کی قیادت میں وفد کے اراکین اور کورین کمپنی کے حکام بھی موجود تھے۔