پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ کی جنوبی ایشیا کے بہترین وزیر خزانہ کے ایوارڈ پر اسحاق ڈار کو مبارکباد

وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی وزیر خزانہ کی پالیسیوں سے نجی، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول میسر آیا ،مورگن سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ابھرتی ہوئی مارکیٹ قرار دیا جانا ایک اہم پیشرفت ہے،ملک کی شرح نمو میں اضافہ اور بجٹ خسارے میں کمی آئی، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف
لاہور(ملت+آئی این پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی جانب سے جنوبی ایشیا کے بہترین وزیر خزانہ کے ایوارڈ کے اعلان پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بہترین معاشی پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایسی پالیسیاں تشکیل دی ہیں جن سے نجی، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول میسر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ نے بہترین صلاحیتوں سے پاکستان کو منافع بخش سرمایہ کاری اور تجارت کیلئے موزوں جگہ بنا دیا ہے اور اقتصادی پالیسیوں کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد اور دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر خزانہ کی اقتصادی اصلاحات کے نتیجہ میں اکنامک انڈیکٹرز میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ ملک کی شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے اور بجٹ خسارے میں کمی آئی ہے اور حکومتی اقدامات کی بدولت پاکستان میں افراط زر کی شرح گزشتہ 47 سالوں میں سب سے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ مورگن سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ابھرتی ہوئی مارکیٹ قرار دیا جانا ایک اہم پیشرفت ہے۔ دنیا کی بہترین بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور بین الاقوامی اقتصادی ماہرین نے پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو سراہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی جانب سے اسحاق ڈار کو جنوبی ایشیا کا بہترین وزیر خزانہ قرار دینے سے حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور پاکستان پر سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔وزیراعلیٰ نے جنوبی ایشیا کے مرکزی بینک کے بہترین گورنر کا ایوارڈ ملنے پر گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان اشرف محمود وتھرا کو بھی مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گورنر سٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے بینکنگ سیکٹر میں اصلاحات اور ملکی کرنسی کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔