پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس،صوب میں روڈسیفٹی اتھارٹی کے قیام کی منظوری

لاہور27ستمبر:وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوب میں روڈسیفٹی اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔اتھارٹی ڈرائیونگ لائسنسنگ کے نظام،ٹریفک انجینئرنگ،گاڑیوں کے فٹنس نظام،وہیکل رجسٹریشن، ڈیٹابیس، مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے فوری طورپر اقدامات کرے گی۔اتھارٹی کے چےئرمین ایم پی اے شیخ اعجاز احمد ہوں گے۔اس امر کی منظوری وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے آج ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ روڈ سیفٹی کا نظام شہریوں کی زندگیوں کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے ،اس لئے روڈ سیفٹی کے حوالے سے سویڈن کے ماڈل سے استفادہ کیا جائے گا۔ نئے نظام کے متعارف ہونے سے حادثات میں کمی واقع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے اقدامات کو سکول کے نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔ہمیں اپنے لوگوں کو روڈ سیفٹی کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کرناہے ۔انہوں نے کہا کہ اتھارٹی کے قیام سے روڈ سیفٹی کا موثر نظام معرض وجو د میں آئے گا۔جعلی ڈرائیونگ لائسنسنگ کا خاتمہ ہوگااورتربیت یافتہ ڈرائیورز گاڑیاں چلاسکیں گے۔وہیکل انسپکشن اینڈسرٹیفکیشن کا دائرہ کا رپنجاب بھر میں پھیلا یاجائے گا۔اس نظام سے فٹنس والی گاڑیاں ہی سڑکوں پر رواں دواں ہوں گی۔متعلقہ حکام آگے بڑھیں اور روڈ سیفٹی کیلئے محنت اورجذبے کے ساتھ کام کریں۔وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں ایک سٹےئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ سٹےئرنگ کمیٹی کے سربراہ صوبائی وزیر ایکسائز میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان اورچیف سیکرٹری ہوں گے اوریہ کمیٹی روڈ سیفٹی کے حوالے سے اقدامات کوتیزی سے حتمی شکل دے گی ۔صوبائی وزیر ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن مجتبیٰ شجاع الرحمان،ایم پی اے شیخ اعجاز احمد ،چیف سیکرٹری،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیاتی اورمتعلقہ حکام نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔