پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس‘پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے ڈیپارٹمنٹ کی تنظیم نو

لاہور۔11 ستمبر(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کااجلاس منعقد ہواجس میں ہیلتھ کےئر سسٹم کی بہتری اورپرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کےئر ڈیپارٹمنٹ کی تنظیم نو کے امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور طبی سہولتوں کی بہتری کے پلان کی اصولی منظوری اورہسپتالوں میں اینستھیٹسٹس کی کمی دور کرنے کیلئے اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔ہسپتالوں کے میڈیکل آفیسرز کو اینتھسیزیا کا دو سالہ تربیتی کورس کرانے کا فیصلہ بھی ہوا ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری اورجدید طبی سہولتوں کی فراہمی میرا مشن ہے جسے ہر قیمت پر پورا کروں گا۔صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری کیلئے اٹھائے گئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کے ثمرات ہر صورت عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں ۔ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پروگرام کے تحت اہم سروسز کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ یہاں اضافی طبی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی بہتری کے حوالے سے سری لنکا ،ترکی اورملایشیاء کے تجربات سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی بہتری کیلئے نجی شعبہ میں مخیر حضرات کی جانب سے بنائے گئے ہسپتالوں کے ماڈل کا بھی جائزہ لیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بہت وقت ضائع ہوچکا ،اب ہمیں صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے تیزی سے آگے بڑھنا ہے ۔پنجاب حکومت کی جانب سے صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے فراہم کیے جانیوالے اربوں روپے کے وسائل کے ثمرات ہر صورت عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں۔سرجری کے دوران نجی شعبہ سے کارڈیالوجسٹ اوراینتھسیزیا کے ڈاکٹروں کے ہسپتالوں کے دورہ کی تجویزکی منظوری دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ادویات کے سپلائی آرڈر ،خریداری ،ہسپتالوں کو فراہمی،سٹاک اورمریضوں کو تقسیم کے پورے عمل کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کیلئے تیزی سے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں بہتری کیلئے انقلابی نوعیت کی اصلاحات لائی جارہی ہیں۔ہیلتھ کےئر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر کام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے تمام بڑے منصوبوں میں تھرڈ پارٹی آڈٹ کی پالیسی پر سختی سے عملدر آمد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈر گ ٹیسٹنگ لیبزاورچیف ڈرگ کنٹرولر کے دفتر کی بھی تنظیم نو کی جارہی ہے ۔ملتان ،بہاولپور ،فیصل آباد اور راولپنڈی ڈرگ ٹیسٹنگ لیب آئندہ سال فنکشنل ہوجائیں گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کو فعال اورمتحرک بنانے کے لئے پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے ۔اجلاس کے دوران ہیلتھ کےئر سسٹم کو بہتر بنانے اورہسپتالوں کی بہتری کے پلان کے حوالے سے صوبائی سیکرٹری صحت علی جان کی کاوشوں کی ستائش کی گئی۔سیکرٹری صحت علی جان خان نے ہیلتھ کےئر سسٹم اورہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی بہتری کے پلان کے بارے میں بریفنگ دی۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق ،چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹریزصحت ،صدر پی کے ایل آئی،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔