پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ کی غلام دستگیر خان اورخرم دستگیرخان سے ملاقات

لاہور:(ملت) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان اور وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیرخان نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت بہترہوئی ہے اورتجارتی ،معاشی سرگرمیوں اورسرمایہ کاری کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران معاشی محاذ پر شاندار کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور پاکستان روشنی، امید اور امن کے سفر کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔قومی معیشت کے استحکام اور ترقی سے عام آدمی کی زندگی میں خوشحالی لانے کے منصوبے تیزرفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں،اسی طرح پنجاب سمیت ملک بھر میں بجلی کے منصوبوں پر دن رات کام جاری ہے اور اگلے برس توانائی کے منصوبے مکمل ہونے سے لوڈشیڈنگ ختم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صنعتی و تجارتی ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب میں امن و امان کی صورت حال میں بہتری لانے کیساتھ تجارتی شعبے میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور نجی شعبے کو پرکشش مراعات دی جا رہی ہیں تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو۔ حکومت کی تجارتی پالیسیوں کے نتیجے میں دیگر ممالک پاکستان میں سرمایہ کار ی کو ترجیح دے رہے ہیں جس سے روزگار اور کاروبارکے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اوران اقدامات کے نتیجے میں مجموعی طور پر اقتصادی ترقی کے مقاصد حاصل کرنے میں مددمل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو پرامن اورمعاشی طور پر مضبوط بنائیں گے۔2017ء ترقیاقی منصوبوں کی تکمیل کا سال ہوگااورترقیاتی منصوبے مکمل ہونے سے ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کا خواب پورا ہوگا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر تجارت نے وزیر اعلی پنجاب کو تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے ٹریڈپارٹنرز اور ملک میں اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری کے لئے ہر سطح پر کوششیں جاری ہیں۔