وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت امن و امان اور عیدالاضحی کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس
کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کو صوبائی دارالحکومت کو جرائم سے پاک کرنے کا 60 روز کا ٹاسک
عیدالاضحی کے موقع پر صوبہ بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، موجودہ حالات میں کسی بھی غفلت کے متحمل نہیں ہو سکتے ، عوام کے جان ومال کے تحفظ کےلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے،امن و امان کے قیام سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف
لاہور(آئی این پی)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈا¶ن کا حکم دیا ہے اور کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کو صوبائی دارالحکومت کو جرائم اور اس میں ملوث گروہوں کے خاتمے کا 60 روز کا ٹاسک دیا ہے – انہوں نے عیدالاضحی کے موقع پر صوبہ میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات اور اہم مقامات کی سیکورٹی کے لئے خصوصی حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وہ اتوار کو یہاں صوبہ میں امن و امان کے قیام اور عید الاضحی کے موقع پر سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے صوبائی کابینہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن وامان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی اور ترجیح نہیں ہو سکتی اور اس مقصد کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں -انہوںنے کہا کہ امن کے قیام اور عوام میں احساس تحفظ کیلئے پہلے بھی پولیس کو ہر ممکن وسائل دیئے اور آئندہ بھی وسائل دیں گے لیکن جرائم کی بیخ کنی اور عوام کی امیدوں پر پورا اترنا پولیس کی ذمہ داری ہے – انہوںنے کہا کہ ملک آج نازک دور سے گزر رہا ہے اور ہمیں دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا ہے – موجودہ دور میں پولیس کی ذمہ داریوں میں اور بھی اضافہ ہو گیا ہے – موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ پولیس امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور اس مقصد کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں- انہوںنے لاہور سمیت پنجاب بھر میں منظم جرائم کے خلاف کریک ڈا¶ن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم میں ملوث افراد اور گروہوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے- معاشرتی جرائم کے خاتمے کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ افراد کے سرغنہ کی سرکوبی بھی کی جائے – انہوںنے کہا کہ پرامن معاشرہ کی تشکیل کے لئے جرائم کے مافیا کے گٹھ جوڑ کو ہر صورت توڑنا ہو گا- انہوںنے کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کو دو ماہ میں منظم جرائم کے قلع قمع کا ٹارگٹ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس اس مقصد کے لئے ہرممکن اقدامات کرے اور مطلوبہ نتائج دے- انہوںنے کہا کہ میں پولیس کی کارکردگی سے اسی وقت مطمن ہوں گا جب عوام اس پر اظہار اطمینان کریں گے – انہوںنے کہا کہ بلا شبہ پولیس نے دہشت گردی کے خاتمے میں جرات اوربہادری کا مظاہرہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے قیمتی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیاہے – ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے اور عوام میں احساس تحفظ کو فروغ دینے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں اور قانون کی عملداری کو ہرقیمت پر یقینی بنایا جائے-
پنجاب حکومت
وزیراعلی کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کا حکم
