پنجاب حکومت

وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان اپنی کھوئی ہوئی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے اتوار کو یہاں ترکی کی وزارت صحت کے اعلی سطح کے وفدنے ملاقات کی ۔ وفد کی قیادت ترکی کے محکمہ بین الاقوامی صحت پالیسزکے مینجنگ ڈائریکٹر سلامی کیلک(Mr. Selami Kilic) کر رہے تھے ۔ترک وفدنے یوم پاکستان کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستانی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں اورہم نے یوم پاکستان کی خوشیوں کو ہفتہ صحت کے طور پر منایا ہے اور ہمیں پاکستان میں اپنے بہن بھائیوں کی خدمت کر کے حقیقی خوشی حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک شاندار تحفہ ہے اوراس ہسپتال میں عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ۔ ترک وفد نے کہا کہ ہماری ٹیم شعبہ صحت کی بہتری کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اورپاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ۔وزیر اعلی محمدشہباز شریف نے ترک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی محبت اور بھائی چارے کے تاریخی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اوردونوں ملکو ں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کو قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن کے لئے عظیم جدوجہد کا آغاز کیا بلا شبہ یہ دن ایک تاریخ ساز دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اپنی کھوئی ہوئی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے ۔ پاکستان میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترک وزارت صحت کے ماہرین اور ڈاکٹرز کی جانب سے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے تعاون لائق تحسین ہے ۔انہوں نے کہا کہ مظفر گڑھ میں رجب طیب اردوان ہسپتال کو 500 بستروں تک بڑھایا جا رہا ہے اوریہ ہسپتال پاکستان اور ترکی کے لازوال رشتوں کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کو عوام کی توقعات کے مطابق بنانا ہمارا مشن ہے اور دوست ملک ترکی کی جانب سے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری میں تعاون پر ان کے مشکور ہیں ۔ ترکی کی وزارت صحت کے ماہر ڈاکٹر حسن کاگل(Dr. Hasan Cagil) اور دیگر نامور ڈاکٹرز وفد میں شامل تھے۔صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، عائشہ غوث پاشا ، مشیرڈاکٹر عمر سیف ،چیف سیکرٹری ، ماہرین صحت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔