وزیر اعلیٰ پنجاب محمد کا عالمی یوم خوراک کے موقع پر پیغام
لاہور۔15 اکتوبر(ملت + اے پی پی )وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خوراک ہر دور میں انسان کی بنیادی اور لازمی ضرورت رہی ہے۔ آج کے دور میں بھی اہم ترین مسائل میں سے ایک مسئلہ انسان کی خوراک کا ہے۔ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے ضروری ہے کہ حکومت،تحقیقی و مالیاتی اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان قریبی اشتراک عمل ہو۔طلب اور رسد میں عدم توازن کی وجہ سے خوراک کا بحران دنیا بھر میں امن وامان کے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے عالمی یوم خوراک کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ لوگ جنہیں بنیادی ضرورت سے زائد خوراک میسر ہے‘ انہیں چاہئے کہ اپنی اس خوش نصیبی میں دوسروں کو بھی شریک کریں۔ خوراک کا عالمی دن منانے کا مقصد خوراک کے حصو ل میں درپیش مشکلات ، بھوک ، افلاس اور خوراک کی ناکافی دستیابی کے بارے میں رائے عامہ ہموار کرنا ہے۔اس دن کا بنیادی مقصد غذائی قلت سے پیدا ہونے والے مسائل سمیت اہم امور زیر غور لا کر ان کیلئے قابل عمل سفارشات مرتب کرنا ہے۔یہ دن اس حوالے سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اس دن بھوک اور غربت کے پس پردہ عوامل کو ختم کرنے کے لئے عوامی شعور کو اجاگر کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غربت اور خوراک تک عدم رسائی سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ ایسی پالیسیاں بنائی جائیں جو غریب طبقے کی پیداواری سرگرمیوں میں اضافہ کر کے ان کی آمدن بڑھانے کا سبب بنیں۔ پنجاب حکومت نے خوراک کی کمی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مختصر‘ درمیانی اور طویل مدتی منصوبے شروع کئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوام کو خوراک کا تحفظ فراہم کرنے کیلئے زراعت کے شعبے میں مختلف مراعات دے رہی ہے۔ غذائی تحفظ کو یقینی بنانا کسی ایک فریق کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے۔پنجاب حکومت بھوک اور افلاس کے شکار افراد کیلئے خوراک کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقداما ت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کیلئے صحت افزا اورمناسب خوراک کی دستیابی ممکن بنانے کی غرض سے بڑے منصوبوں پر عمل پیرا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شعور اور آگاہی وہ پہلا قدم ہے، جہاں سے خوراک کو بچانے کا عمل شروع ہو سکتا ہے۔ضائع شدہ خوراک زہریلی گرین ہاؤس گیسوں کی شکل میں ڈھل کر ماحولیاتی نقصانات میں اضافہ کر دیتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ایسے اقدامات کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا جس سے ہر شخص تک بنیادی خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
پنجاب حکومت
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد کا عالمی یوم خوراک کے موقع پر پیغام
