پنجاب حکومت

وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، پنجاب کے بڑے شہرو ں میں سپیڈو بسیں چلانے کی تجاویز کا جائزہ

لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت منگل کویہاں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے بڑے شہرو ں میں سپیڈو بسیں چلانے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری ، با کفایت اور ائیر کنڈیشنڈ ٹرانسپورٹ عام آدمی کا حق ہے اورپنجاب حکومت نے میٹروبس سروس کے ذریعے یہ حق عام آدمی تک پہنچایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب سپیڈو بسوں کے ذریعے بھی روزانہ ہزاروں لوگ منزل مقصود تک پہنچ رہے ہیں اور سپیڈو بسوں کو دیگر بڑے شہروں میں بھی چلایا جائے گا۔ان سپیڈو بسوں کا دائرہ کار دیگر بڑے شہروں میں بڑھانے سے شہریوں کو جدید سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بڑے شہروں میں ٹرانسپورٹ کمپنیاں بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔عوام کو اچھی ٹرانسپورٹ دے کر انہیں مزید سہولتیں فراہم کریں گے اوراس تمام نظام کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔صوبائی وزراء میاں مجبتی شجاع الرحمن، ملک ندیم کامران، شیخ علاؤالدین ، چیف سیکرٹری ، مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہچیئرمین منصوبہ بندی وترقیات ،کمشنر بہاولپور ڈویژن او رکمشنر ملتان ڈویژن ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔