پنجاب حکومت

وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کے نظام کو جدید بنانے کیلئے امورپر پیشرفت کا جائزہ اجلاس

لاہور(ملت + آئی این پی) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جمعہ کواعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کے نظام کو جدید بنانے کیلئے امورپر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔برطانیہ کی ایل جی سی لیبارٹریز کے سینئر سائنسدان ایلن جے ہینڈلینے ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دی۔ برطانیہ کی ایل جی سی لیبارٹریز کے سینئرسائنسدان نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں فراہم کی جانے والی جدید سہولتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں انتہائی شاندار سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اورفرانزک سائنس ایجنسی میں شواہد کو جمع کرنے کا نظام بھی انتہائی شاندار ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے دنیا میں اس طرح کی کئی لیبز کا دورہ کیا ہے لیکن بلا شبہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں فراہم کردہ سہولتیں یورپ کے معیار کے مطابق ہیں جس کا کریڈٹ وزیراعلیٰ شہبازشریف اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کے نظام کو مکمل طور پر جدید بنایا جا رہا ہے تاکہ صوبے کے عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے ۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کے لئے بیرون ملک موجود ماہر پاکستانیوں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں اورڈرگ ٹیسٹنگ لیب کے نئے نظام میں پیشہ وارانہ صلاحیتو ں کے حامل افراد کو تعینات کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نئے تعینات ہونے والے عملے کی بیرون ملک تربیت کا اہتمام کیا جائے گا اورڈرگ ٹیسٹنگ لیب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نئے عملے کی تربیت کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب میں جدت لانے کے لئے برطانیہ کی ایل جی سی لیبارٹریز کے تعاون پر شکر گزار ہیں ۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق ، پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ، ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔