پنجاب حکومت

وزیر اعلیٰ کا ارفع کریم کی پانچویں برسی کے موقع پر پیغام

لاہور:(ملت) : وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کم عمر ترین انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ماہر ارفع کریم پاکستان کی ہونہار، ذہین اور قابل بیٹی تھی جس نے کم عمری میں اپنی خداداد صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ ارفع کریم نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرکے دنیا کو یہ باور کرایا کہ پاکستانی بچے و بچیاں سائنس وٹیکنالوجی کے میدان میں کسی سے پیچھے نہیں۔وزیر اعلیٰ نے مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ آئی ٹی پروفیشنل ارفع کریم کی پانچویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ قوم کی اس ہونہار بیٹی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں جو دیا جلایا وہ ہمیشہ روشن رہے گا اور ارفع کریم اپنی خداداد صلاحیتوں کی وجہ سے وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ آئی ٹی پروفیشنل ارفع کریم نئی نسل کیلئے عزم وہمت کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ ارفع کریم نے انتہائی کم عمری میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگرچہ ارفع کریم کو ہم سے بچھرے پانچ برس ہوگئے ہیں لیکن پنجاب حکومت آئی ٹی کے فروغ کیلئے ان کا مشن آگے بڑھا رہی ہے۔ حکومت پنجاب نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے خاطرخواہ اقدامات کئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں گڈ گورننس کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کااعزاز پنجاب حکومت کو حاصل ہے۔پنجاب حکومت نے اراضی کی کمپیوٹرائزیشن کر کے اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا قیام عمل میں لا کراسی مشن کو آگے بڑھایا ہے اورپنجاب بھر کے ہائی سکولوں میں جدید آئی ٹی لیبز کا قیام اور طلبا میں لیپ ٹاپ کی تقسیم اور ای سٹمپنگ کا آغاز بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔