لاہور: (ملت+اے پی پی) وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ساہیوال میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری کو چیک کیا اور غیرحاضر ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنر ساہیوال کو حاضری رجسٹر کی جانچ پڑتال کر کے تین روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے مریضوں سے پیسے لے کر سی ٹی سکین باہر سے کروانے کے معاملے کا سخت نوٹس لیا اور محکمہ صحت کو ہسپتال کو فوری طور پر سی ٹی سکین مشین مہیا کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی ٹی سکین کیلئے غریب آدمی سے پیسے لینا جرم ہے۔ شہباز شریف نے پارکنگ کیلئے مریضوں کے لواحقین سے پیسے لینے کی شکایت کا بھی نوٹس لیا اور معاملے کی انکوائری کرانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
پنجاب حکومت
وزیر اعلیٰ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال ساہیوال کا اچانک دورہ
