لاہور (ملت + اے پی پی )وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے چائنہ فرسٹ میٹالرجیکل گروپ کے وائس چیئرمین گاؤجزہاؤ(Mr. Guo Jizhou)کی قیادت میں وفد نے یہاں ملاقات کی۔چینی گروپ نے پنجاب کے واٹر سیکٹر میں سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک سے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کو نئی جہت ملی ہے اورچین پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں قدم سے قدم ملا کر چل رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان بھر میں منصوبوں پر انتہائی برق رفتاری سے کام جاری ہے ۔ سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے جا رہے ہیں اوراقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان سمیت پورے خطے کی تقدیر بدل دے گا ۔ وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے واٹر سیکٹر کی بہتری کیلئے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔چینی گروپ انڈسٹریل ویسٹ ٹریٹمنٹ ، سینی ٹیشن اور سیوریج کی بہتری کیلئے بھی تعاون کا جائزہ لے۔ وزیر اعلی نے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ، کمیٹی چینی سرمایہ کاروں کی تجویز کا جائزہ لیکر قابل عمل سفارشات پیش کرے گی ۔وائس چیئرمین چینی گروپ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف نے چین اور پاکستان کے مابین دوستی کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے ۔پنجاب میں سی پیک کے تحت منصوبوں کی شفافیت اور تیز رفتار ی سے تکمیل پر خوشی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واٹر سیکٹر میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں گے ۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، سیکرٹری آبپاشی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،چیف ایگزیکٹو آفیسرپنجاب صاف پانی کمپنی، کمشنرلاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پنجاب حکومت
وزیر اعلی پنجاب سے چائنہ وفد کی ملاقات، واٹر سیکٹر میں سرمایہ کاری پر دلچسپی
