پنجاب حکومت

وزیر اعلی کاکسان پیکج زرعی شعبہ میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، سرفراز افضل

راولپنڈی(اے پی پی ) پارلیمانی سیکرٹری و رکن صوبائی اسمبلی چوہدری سرفراز افضل نے کہاہے کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا انقلابی زرعی پیکج زرعی شعبہ میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اس خطہ کی تار یخ میں پہلی مرتبہ چھوٹے کسانوں کو100 سو ارب روپے کے بلا سود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں جن سے پانچ لاکھ کسان مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کر نے کا اپنا وعدہ پورا کر دیاہے جس کے لئے زرعی شعبہ میں تاریخی اور جدید اقدامات کئے گے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہریوں کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری و رکن صوبائی اسمبلی چوہدری سرفراز افضل نے کہاکہ زراعت ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور موجود ہ حکومت نے تمام شعبوں کی طرح زراعت پر بھی خصوصی توجہ دی ہے اور اس شعبہ سے وابستہ چھوٹے کسانوں کی فلاح بہبود پر خصوصی توجہ دی ہے کیونکہ چھوٹا کسان ہی زرعی شعبہ کی ترقی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہاکہ زرعی پیکج کے علاوہ صوبہ بھر میں وزیر اعلی دیہی روڈز پروگرام کے تحت سینکڑوں کلو میٹر طویل سٹر کیں تعمیر کی جا رہی ہیں جس سے اجناس کی منڈیوں تک بروقت ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے گا اور دیہاتی علاقوں میں پختہ سٹرکوں سے ترقی کا راستہ کھلے گا۔