پنجاب حکومت

پاکستان اس وقت معاشی ترقی کے حوالے سے اہم مراحل سے گزر رہا ہے: رجوانہ

لاہور۔19 اکتوبر(ملت + اے پی پی )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت معاشی ترقی کے حوالے سے اہم مراحل سے گزر رہا ہے ایسی صورتحال میں تخریبی سیاست نہ صرف معاشی ترقی کو نقصان پہنچائے گی بلکہ ملکی سالمیت کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے‘قومی معیشت کو صحیح سمت پر گامزن کر دیا گیا ہے ‘ سیاسی جماعتیں ایسا اقدام نہ اٹھائیں جس سے ملکی مفادات اور معیشت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو ‘ حکومت کو ٹیکسٹائل صنعت کی مشکلات کابخوبی اندازہ ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے موثر حکمت عملی پر کام جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اپٹما کے بیس رکنی وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہو ں نے سید علی احسن کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔گورنر پنجاب نے کہاکہ آج ٹیکسٹائل انڈسٹری کی توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جا رہا ہے جبکہ بجلی کی قیمت اور پیداواری لاگت کو کم کرنے کے حوالے سے ان کے معاملات کو بھی بہت جلد حل کر لیا جائے گا ۔ انہو ں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں بین الاقوامی مسابقت کا مقابلہ کرنے کے لیے انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت ملک میں روزگار فراہم کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ہے ،ان حالات میں صنعتیں چلانے والے ملک و قوم کی بڑی خدمت کر رہے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف ملک میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو خود مانٹیر کر رہے ہیں اور مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندوں کو وقتافوقتا خود ملتے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ ٹیکسٹائل پالیسی کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا جو اس شعبے سے وابستہ صنعت کاروں کی ترجیحات کے مطابق ہو گی۔انہو ں نے کہا کہ صنعت کاروں کو ساز گار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے بھی ترغیبات دی جا رہی ہیں ۔وفد کے شرکاء نے بتایا کہ بلا تعطل توانائی کی فراہمی سے صنعت کی مشکلات میں کمی آئی ہے تاہم پیداواری لاگت کم کرنے اور خصوصا بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے بھی غور کرنا ہو گا۔ انہو ں نے اپنے مسائل کے حل کے لیے موثر کردار ادا کرنے کی یقین دہانی پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا ۔