پنجاب حکومت

پاکستان میں امیر اور غریب میں خلیج ختم نہ ہو سکی:شہباز

بہاولپور/ملتان: (ملت+اے پی پی) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو بنے ستر سال گزرے گئے ہیں، امیر اور غریب میں خلیج ختم نہ ہو سکی، اشرافیہ نے اپنی خوشحالی کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑی، پاکستان کو بدحال کر دیا۔ اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے 2017ء کے آخر میں پاکستان سے اندھیرے ختم کرنے کا عہد بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اقبال کا شعر پڑھ کر تقریب کے شرکاء کا حوصلہ بھی بڑھایا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سٹیج پر والدین سے حالات بھی پوچھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے والدین کو نصیحت کی کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے ضرور آراستہ کریں۔ بعد ازاں، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف مختصر دورے پر ملتان پہنچے جہاں پر انہوں نے سرکٹ ہاؤس میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ اور انکے اہل خانہ سے الیاس رجوانہ کے انتقال پر تعزیت کی جس کے بعد مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی نے میاں شہباز شریف سے ملاقات کی اور جنوبی پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ اس موقع پر کمشنر اسد اللہ خان نے میٹرو بس منصوبے کی ڈیڈ لائن تیسری مرتبہ بڑھانے کی وجوہات بارے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفننگ دی جس پر میاں شہباز شریف نے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات دیئے۔