لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اتوارکو یہاں تعطیل کے باوجوداعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ، 2گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے،ہیومن ریسورس کے اموراور ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس کے قیام پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس کے دوران پا کستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کیلئے انڈوومنٹ فنڈکے قیام کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارلحکومت میں گردے اورجگر کے امراض کے علاج معالجہ کیلئے بڑے منصوبے پر کام کیا جارہا ہے۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں غریب اورنادار مریضوں کا علاج مفت ہوگااور 470 بستروں پر مشتمل یہ ادارہ گردے اور جگر کے امرض کے علاج کے حوالے سے سنگ میل ہوگا۔ ادارے میں جگر اورگردے کے امراض کے علاج کے علاوہ ان بیماریوں کی روک تھام کیلئے تحقیقی کام بھی ہوگا۔رواں سال کے آخر میں ہسپتال کا پہلا مرحلہ مکمل ہوجائے گا اور مریضوں کا علاج شروع ہوگا۔مریضوں کو جدید علاج معالجہ میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں اعلی کوالٹی کا ہیومن ریسورس اورسٹیٹ آف دی آرٹ مشینری ہوگی۔ادارے کیلئے بھرتی کیے گئے ہیومن ریسورس کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی ضروری ہے اور ہیومن ریسورس کی جدید اوربہترین تربیت کا بھی اہتمام ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہیومن ریسورس کی تربیت اورریفریشر کورس کے حوالے سے ماڈل اورپلان مرتب کرلیا جائے اورانسٹی ٹیوٹ کو دیدہ زیب بنانے کیلئے ہارٹیکلچر کا پلان مرتب کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت مربوط ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام پرعملدر آمد کررہی ہے اوراسی مقصد کے پیش نظر پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کی سائٹ پر پہلا ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک قائم کیاگیا ہے اوریہ کلینک جگر کے امراض میں مبتلا افراد کو علاج معالجہ فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے جبکہ اسی طرح کے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس پنجاب کے ہر ضلع میں بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان ہیپاٹائٹس فلٹرکلینکس کا تعلق محکمہ صحت سے نہیں ہوگا بلکہ پی کے ایل آئی انہیں چلانے کا ذمہ دار ہوگا۔پی کے ایل آئی اورہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس کے قیام کا پروگرام مفادعامہ کا عظیم الشان پراجیکٹ ہے۔ان منصوبوں کو ہم نے محنت ،عزم اورجذبے کیساتھ کام کرتے ہوئے پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سنٹرکے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹر سعید اختر نے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر،چیف سیکرٹری،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز صحت،خزانہ،سی ای او پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ،ڈی جی فرانزک سائنس ایجنسی اور متعلقہ حکام نے اجلاس شرکت کی۔
پنجاب حکومت
پا کستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کیلئے انڈوومنٹ فنڈکے قیام کا فیصلہ
