فیصل آباد۔17 اکتوبر(ملت + اے پی پی ) خادم اعلیٰ محمد شہباز شریف اور صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پنجاب میں گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے اعلیٰ ترین معیار کے حامل منظور شدہ اقسام کے بیجوں کے 11لاکھ سے زائد تھیلے پی ایس سی کے فیصل آباد ، جھنگ سمیت 19شہروں کے مارکیٹنگ سنٹرز اور 1800سے زائد رجسٹرڈ سیلز پوائنٹس و ڈیلرز کو فراہم کر دیئے گئے ہیں جہاں مذکورہ بیجوں کا 50کلو گرام کا تھیلا 2430روپے میں دستیاب ہے نیز فیصل آبا دڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت صوبہ کے دیگر اضلاع کے زمینداروں ، کاشتکاروں ، کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گندم کی شاندار فصل کے حصول کیلئے بہترین پیداواری صلاحیت کا حامل شہ ز ور بیج استعمال کریں تاکہ انہیں ان کی محنت کا پھل مل سکے۔ فیصل آباد ریجنل آفس پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ تصدیق شدہ ، معیاری ، ہر قسم کی آلائشوں سے پاک ،صاف ستھرا بیج بہترین فصل کا ضامن ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خادم اعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں امسال بھی شہ زور بیج کی قیمتوں میں کسی قسم کا کوئی اضافہ نہیں کیا اور کاشتکاروں کو مذکورہ بیج گزشتہ سال کے نرخوں 2430روپے فی 50کلو گرام بیگ کے حساب سے ہی دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار زیادہ سے زیادہ 20اکتوبر سے گندم کی کاشت کا آغاز کر سکتے ہیں جس کے لئے زمین کو بھی مناسب طریقے سے تیار کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار مزید مشاورت یا رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔
پنجاب حکومت
پنجاب، گندم کی منظور شدہ اقسام کے بیجوں کے 11لاکھ سے زائد تھیلے ڈیلرز کو فراہم کر دیئے گئے
