پنجاب بھر میں کھیلوں کے پراجیکٹس دسمبر میں مکمل ہو جائیں گے؛حنیف عباسی
راولپنڈی:(ملت آن لائن) این پی سی راولپنڈی کیمپ آفس میں ایک کروڑ چودہ لاکھ روپے کی لاگت سے ملٹی اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد منگل کو چیئرمین پنجاب اسپورٹس اسٹئیرنگ کمیٹی و سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے میئر راولپنڈی سردار نسیم ،ایم پی اے راجہ حنیف ایڈووکیٹ،زیب النساء اعوان،سابق ایم این اے ملک شکیل اعوان ،چیئرمین واسا ضیاء اللہ شاہ ،صدر پی ایف یو جے افضل بٹ ،صدر این پی سی شکیل انجم ،سیکرٹری این پی سی عمران یعقوب ڈھلوں ،انچارج راولپنڈی پریس کلب عابد عباسی ،شکیلہ جلیل ،خالد چوہدری ،گلزار خان ،سلطان شاہ سینئر صحافی مغیث اشرف بیگ ،طارق وارثی ،سلطان سکندر کے ہمراہ کیا ۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب اسپورٹس اسٹئیرنگ کمیٹی و سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہاکہ پنجاب بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے 13ارب روپے کی خطیررقم سے جاری پراجیکٹس رواں برس دسمبر میں پایہء تکمیل تک پہنچ جائیں گے ،میاں شہباز شریف وسیع النظر لیڈر ہیں جنھوں نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کو مقدم رکھا ،میاں محمد شہباز شریف نے راولپنڈی کی ترقی کے لیے تاریخی اقدامات کیے جن میں عالمی معیار کا راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ،میٹر وبس،کھیل کے میدان اور دیگر ترقیاتی کام شامل ہیں جبکہ اپنی نوعیت کے منفرد راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی کے لیے 50کروڑ روپے کی خطیر گرانٹ بھی جاری کر دی گئی ہے اور مارچ میں یورالوجی انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کردیا جائے گا ،ہولی فیملی ہسپتال میں 40کروڑ روپے کی لاگت سے ایم آر آئی فعال کیا گیا ہے ، میٹرو کے لئے میں نے کوشش کی اور لاہور کے بعد یہاں میٹرو چلانے میں کامیاب ہوا ،یہاں کا ایک شخص جھوٹ بول بول کر تھکتا ہی نہیں،نہ اس کا کوئی معیار ہے اور نہ ہی سیاسی ایجنڈا،میٹرو بس صحافیوں کے لئے زیادہ کار آمد ہے ،پنڈی سے اسلام آباد چالیس منٹ لگتے ہیں،پنڈی پریس کلب کو پنجاب بھر سے سب سے زیادہ فنڈ دیا جس کی مجھے خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے راولپنڈی میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھا دئیے،ہم نے یورپ کے مقابلے کے شہر میں ہسپتال بنائے ،اس شہر کے سکولوں اور کالجوں کا معیار بہتر کیا،جڑواں شہروں کے درمیان میٹرو بس سروس چلا کر عام شہریوں کا معیار زندگی بلند کیا، شہر کی صفائی کا نیا اور بہتر نظام متعارف کروایا۔حنیف عباسی نے کہاکہ این پی سی راولپنڈی کیمپ آفس کے ملٹی سپورٹس کملپیکس کی تعمیر کا جائزہ ازخود لوں گا اور پراجیکٹ کو آئندہ ماہ کے اواخر تک مکمل کروایا جائے گا جبکہ کمپلیکس کے لیے تمام تر سپورٹس مشینری بھی پنجاب حکومت فراہم کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کے عوام نے جن کو منتخب کیا ایک بنی گالہ دوسرا ایف سیون میں سویا رہتا ہے،ہم نے کھیلوں کے میدان نہ صرف بنائے بلکہ ان کو آباد کرنے کے لیے عملی مظاہرہ بھی کر رہے ہیں۔اس موقع پر صدر این پی سی شکیل انجم ،صدر پی ایف یو جے افضل بٹ ،عمران یعقوب ڈھلوں اور عابد عباسی نے اپنے خطاب میں راولپنڈی پریس کلب میں صحافیوں کی سپورٹس سرگرمیوں کے ملٹی سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی کاموں میں تعاون پر پنجاب حکومت اور راولپنڈی کی مسلم لیگی قیادت سے اظہار تشکر کیا ۔میئر راولپنڈی سردار نسیم نے اپنے خطاب میں کہاکہ وہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات جاری رکھیں گے، کیونکہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان کا درجہ رکھتے ہیں ۔تقریب کے آخر میں حنیف عباسی کو پریس کلب کی طرف سے ان کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ بھی پیش کی گئی ۔
پنجاب حکومت
پنجاب بھر میں کھیلوں کے پراجیکٹس دسمبر میں مکمل ہو جائیں گے؛حنیف عباسی
