اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) پنجاب حکومت نے صوبے میں ریلوے لائن کو کراس کرنے والی نئی سڑکوں کی تعمیر کی منظوری پر پابندی عائد کر دی ، پنجاب حکومت اور وزارت ریلوے کے درمیان لیول کراسنگز پر بی او ٹی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت انڈر پاسز اور فلائی اوورز بنانے پر اتفاق، پنجاب حکومت کی فنانسنگ سے بننے والے پھاٹکوں کا جوائنٹ مانیٹرنگ میکانزم قائم کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پیر کو پنجاب حکومت نے صوبے میں ریلوے لائن کو کراس کرنے والی نئی سڑکوں کی تعمیر کی منظوری پر پابندی عائد کر دی ۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں محفوظ لیول کراسنگز کیلئے چئیرمین پی اینڈ ڈی پنجاب جہانزیب خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت 75 ان مینڈ لیول کراسنگز کو جون تک مینڈ اور سگنلڈ کرنے کیلئے 778 ملین جاری کردے گی، پنجاب حکومت اس سے پہلے صوبے کے 75 خطرناک لیول کراسنگز کو مینڈ اور سگنلڈ کر چکی ہے۔وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نئی سڑکیں ڈیزائن کرتے وقت ریلوے لائنوں پر انڈر پاسزاور فلائی اوورز کا آپشن اور بجٹ رکھا جائے۔ اجلاس میں لیول کراسنگز پر بی او ٹی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت انڈر پاسز اور فلائی اوورز بنانے پر اتفاق کیا گیا، اس حوالے سے ریلوے اور پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے حکام لیول کراسنگز پر مشترکہ سروے کریں گے۔ اجلاس میں ریلوے نے پنجاب حکومت کی فنانسنگ سے بننے والے پھاٹکوں کے جوائنٹ مانیٹرنگ میکانزم قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں سی ای او پاکستان ریلویز جاوید انور، ایڈوائزر انجم پرویز اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔(ار)
پنجاب حکومت
پنجاب حکومت نے صوبے میں ریلوے لائن کو کراس کرنے والی نئی سڑکوں کی تعمیر کی منظوری پر پابندی عائد کر دی
