لاہور(ملت + آئی این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’’خادم پنجاب کسان پیکیج‘‘ کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کو 100 ارب روپے کے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے اور اس انقلابی پروگرام کا آغاز رواں ماہ کے وسط میں کیا جا رہا ہے۔ بلاسود قرضوں کے فراہمی کے پروگرام سے 5 لاکھ سے زائدچھوٹے کاشتکار مستفید ہوں گے اور ان قرضوں کا مارک اپ حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔ بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کا زرعی شعبے کی ترقی پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے جبکہ پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام کاشتکاروں کی الیکٹرانک رجسٹریشن کرنے کا بھی فیصلہ کیاہے۔وہ بدھ کو کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخی کسان پیکیج کے تحت مختلف اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب رہے تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ریڑھ کی حیثیت حاصل ہے اور حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسانوں کیلئے تاریخی پیکیج اور دیگر مراعات کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے انقلابی اقدامات سے زرعی شعبے میں انقلاب برپا ہوگا، کسان خوشحال ہوگااور ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ محنتی اور جفاکش کاشتکار مجھے بے حد عزیز ہیں اور ان کے مفادات کا تحفظ میری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے آغاز میں کاشتکاروں کو 100 ارب روپے کے بلاسود قرضوں کی فراہمی سے کاشتکار کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاسود قرضے ای کریڈٹ کارڈ کے تحت فراہم کئے جائیں گے اور مارک اپ پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسان پیکیج کے تحت کاشتکاروں کیلئے مختلف اقسام کی کھادوں کی قیمت میں بھی خاطرخواہ کمی کی گئی ہے جس پر پنجاب حکومت 10 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے جبکہ کاشتکاروں کیلئے ٹیوب ویلوں کے بجلی کے نرخ بھی کم کیے گئے ہیں اوراس ضمن میں انہیں خصوصی رعایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو آلات اور مشینری بھی فراہم کی جائے گی اور اس ضمن میں ہائی ٹیک میکانزم سروس سینٹرز بنائے جائیں گے۔ انہوں نے صوبے میں تمام کاشتکاروں کی الیکٹرانک رجسٹریشن کے کام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکارو ں کی بہتری کیلئے جو اقدامات کئے گئے ہیں وہ بارآور ثابت ہوں گے۔سیکرٹری زراعت نے کسان پیکیج کے تحت کئے جانے والے اقدامات پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، ڈاکٹر فرخ جاوید، عائشہ غوث پاشا، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، معروف ماہر معاشیات ڈاکٹر اکمل حسین اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
پنجاب حکومت
پنجاب حکومت کا کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی شروع کرنے کا فیصلہ
