پنجاب حکومت

پنجاب سپیڈ دراصل ’’شہباز سپیڈ‘‘ہے:چینی نائب وزیر

سی پیک منصوبوں پرکام کی رفتار دیکھ کر خوشی ہوئی ہے،صوبے میں منصوبوں کی مثالی رفتار کا کریڈٹ شہبازشریف کو جاتا ہے
شہبازشریف کی انتھک محنت کا اعتراف چین کی قیادت اور اداروں کے سربراہ بھی کرتے ہیں اور میں بھی ان کی محنت کا معترف ہوں
چینی قوم کی محنت کی مثال دنیا میں دی جاتی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ شہبازشریف ہم سے بھی زیادہ محنتی اور انتھک ہیں
عوامی خدمت میں مگن شہبازشریف نہ خود سوتے ہیں، نہ دوسروں کو سونے دیتے ہیں، زینگ شی سانگ کا وزیراعلیٰ کو زبردست خراج تحسین
چینی قیادت اور اعلیٰ اداروں کے سربراہوں کی جانب سے منصوبوں کی رفتار،معیار اورشفافیت کی تعریف پوری قوم کیلئے اعزاز ہے
سی پیک پر عملدرآمدسے پاکستان میں تیزرفتار ترقی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے،کئی ممالک سی پیک میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں:شہبازشریف
لاہور19 دسمبر: نائب وزیر کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ سنٹر ل کمیٹی انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ زینگ شی سانگ (Mr. Zheng Xiaosong) نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے کام کرنے کی رفتار اور غیرمعمولی صلاحیتوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ ’’پنجاب سپیڈ ‘‘کا اعزاز اب ’’شہباز سپیڈ‘‘ میں بدل گیا ہے۔ مجھیپنجاب میں سی پیک کے منصوبوں کا اعلیٰ معیار اور رفتار دیکھ کر بے پناہ مسرت ہوئی ہے اور صوبے میں منصوبوں کو مثالی رفتار سے آگے بڑھانے کا کریڈٹ بلاشبہ شہبازشریف کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی منصوبوں کو مکمل کرنے کی رفتار غیرمعمولی حد تک حیران کن ہے اوریہی وجہ ہے کہشہبازشریف کے کام کرنے کی رفتار اور انتھک محنت کا اعتراف چین کی قیادت اور اداروں کے سربراہ بھی کرتے ہیں اور میں بھی ان کی محنت، کام سے لگن اور غیرمعمولی صلاحیتوں کا معترف ہوں اورمیں سمجھتا ہوں کہ’’ پنجاب سپید‘‘ دراصل’’ شہبازسپیڈ‘‘ ہے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے جولائی2016ء میں چین کا دورہ کیا اورمیں ان کیساتھ ہر جگہ موجود رہااورمیں نے خود دیکھا کہ وہ بے پناہ محنت اورلگن کے ساتھ کام میں مگن رہتے اورمیں وزیراعلیٰ کے دورہ چین کے دوران ان کے کام سے بہت متاثر ہوا کیونکہ وہ صبح سے رات گئے تک چین کے حکام سے میٹنگز کرتے تھے اوررات گئے اگلے روزکی میٹنگز کی تیاریوں میں مصروف رہتے تھے۔شہبازشریف کے ساتھ دورہ چین کے دوران گزارے گئے دن میرے لئے انتہائی خوشگوار لمحات ہیں جنہیں میں کبھی فراموش نہیں کرسکتاکیونکہ اکثر کام کی زیادتی کے باعث میں تھک جاتا تھا لیکن شہبازشریف ہمیشہ کی طرح ہشاش بشاش رہتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ چینی قوم کی محنت کی مثال دنیا میں دی جاتی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ شہبازشریف ہم سے بھی زیادہ محنتی اور انتھک ہیں اوروہ اپنی قوم کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ نائب چینی وزیر نے کہا کہ عوام کی خدمت کا جذبہ شہبازشریف کے اندر کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔عوامی خدمت میں مگن شہبازشریف نہ خود سوتے ہیں، نہ دوسروں کو سونے دیتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف صرف نام کے ہی نہیں بلکہ کام کے بھی ’’شہباز‘‘ ہیں اور ان کی قیادت میں پنجاب بہت جلد ترقی یافتہ صوبہ بنے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پاک چین تعلقات کو فروغ دینے اورسی پیک کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اورچین کی قیادت شہبازشریف کے کام کرنے کی رفتار کی نہ صرف قدر کرتی ہے بلکہ اسے سراہتی بھی ہے۔ نائب چینی وزیر کمیونسٹ پارٹی زینگ شی سانگ نے ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کی قیادت،حکومت اور اعلیٰ اداروں کے سربراہوں کی جانب سے پاکستان میں سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی رفتار،معیار اورشفافیت کی تعریف پوری پاکستانی قوم کیلئے اعزاز کی بات ہے اورپاکستان اورچین ترقی اورخوشحالی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کر چلتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ سی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد سے پاکستان میں تیزرفتار ترقی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اوراس تاریخ ساز منصوبے کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہوچکے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ کئی ممالک سی پیک میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ۔پاکستان کے عوام چین کی قیادت اور حکومت کی محبت، خلوص اور ایثار پر شکرگزار ہیں۔