پنجاب حکومت

پنجاب پولیس کوپکڑی گئی منشیات کا لیبارٹری ٹیسٹ کروانے کی ہدایت

پنجاب پولیس کوپکڑی گئی منشیات کا لیبارٹری ٹیسٹ کروانے کی ہدایت
فیصل آباد: (ملت آن لائن) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عارف نواز خان کے احکامات کی روشنی میں پنجاب پولیس کومنشیات فروشوں سے پکڑی گئی منشیات کے تمام حصوں کے نمونوں کا لیبارٹری ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور اس ضمن میں سی سی پی او ، ریجنل پولیس آفیسرز، سٹی پولیس آفیسرز، رینج ڈی آئی جیز ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، ایس ایس پی آپریشنز ، ایس پی انویسٹی گیشنز اور دیگر پولیس حکام کے نام جاری کئے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ منشیات کے مقدمات میں برآمد ہونے والی منشیات کے ہر حصے کا الگ الگ لیبارٹری ٹیسٹ کروایا جائے اور ان کی مکمل رپورٹس چالان کے ساتھ منسلک کی جائیں۔ ریجنل پولیس فیصل آباد کے ذرائع نے بتایاکہ اس ضمن میں تمام پولیس افسران اور تھانوں کے ایس ایچ اوز کو بھی کہاگیاہے کہ برآمد ہونے والی منشیات اگر یکجا ہونے کی بجائے مختلف لفافوں ، ڈبوں ، بوتلوں یا ٹکڑیوں کی شکل میں ہوں تو ان کے الگ الگ لیبارٹری ٹیسٹ کروائے جائیں تاکہ کیمیکل تجزیہ سے ان کی نوعیت کے بارے میں علم اور مقدمات کے فیصلوں کے موقع پر ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوانے میں مدد مل سکے۔