لاہور (ملت + اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کے کسان پیکیج کے تحت پنجاب ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کاایک اہم اجلاس ہوا جس میں محکمہ لائیوسٹاک کی طرف سے پیش کئے گئے تین سالانہ ترقیاتی منصوبہ جات کی منظوری دی گئی، اس اجلاس کی صدارت ڈاکٹر محمد عابد بودلہ ممبر چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے کی۔ محکمہ لائیوسٹاک کی طرف سے نسیم صادق سیکرٹری لائیوسٹاک اورمتعلقہ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ڈاکٹرمحمداشرف چیف ایگری پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ اورڈاکٹرمیثم عباس سیکشن آفیسر پلاننگ بھی موجود تھے۔ مجموعی طورپر 3526.135ملین روپے کے منصوبہ جات کی منظوری دی گئی۔ تفصیل کے مطابق پنجاب بھرمیں چھوٹے اوربڑے جانوروں میں اعلیٰ صلاحیت کے حامل نرسانڈ کے ذریعے قدرتی ملاپ سے پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے کے منصوبہ پر 1644.128ملین روپے خرچ کئے جائیں گے۔ اس دوسالہ منصوبے کے تحت پنجاب بھرمیں گائے،بھینسوں اور بھیڑ بکریوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے اچھی نسل کے نرسانڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس طرح صوبہ بھرمیں گوشت کی پیداواربڑھانے کیلئے 561.507ملین روپے کے تین سالہ منصوبہ کوزیرعمل لانے کیلئے منظورکیاگیا جس سے پنجاب کے تمام اضلاع میں وزیراعلیٰ کسان پیکیج کے ذریعے اب 45ہزار کی بجائے 90ہزارکٹڑے فربہ کئے جائیں گے جس کے ذریعے مویشی پال حضرات کو چھوٹے کٹڑوں کیلئے 6500اوربڑے کٹڑوں کی افزائش کیلئے 4000روپے مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ کٹڑوں کی شرح اموات میں کمی اورگوشت کی پیداوارمیں انقلابی اضافہ کیاجاسکے۔ نسیم صادق سیکرٹری لائیوسٹاک نے بتایاکہ پنجاب ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی میٹنگ میں 1320.5ملین روپے کی لاگت سے تیسرے منصوبے میں جانوروں میں جامع حکمت عملی کے تحت حفاظتی ٹیکہ جات اورڈی ورمنگ کی مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے کے تحت تمام لائیوسٹاک فارمز کے اردگرد دو دو یونین کونسلز اورہرتحصیل کی سطح پر ایک ایک یونین کونسل کو ڈیزیز کنٹرول زون بنایاجارہاہے۔ ان تمام ڈیزیزفری زونز میں جانوروں میں100فیصد حفاظتی ٹیکہ جات اورڈی ورمنگ کے ذریعے ممکنہ بیماریوں پرقابوپایاجاسکے گا۔ ان منصوبہ جات کے زیرعمل آنے سے جانوروں کی صحت میں بہتری اورپیداوارمیں اضافہ ہوگا۔
پنجاب حکومت
پنجاب ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس
