پنجاب کی جیلوں میں بند 86 مجرم ایم اے میں پاس
گوجرانوالہ: (ملت آن لائن) گوجرانوالہ سمیت پنجاب کی جیلوں میں بند سزائے موت کے قیدیوں سمیت 16 ہزار 391 مجرموں نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پرائمری سے ایم اے لیول کے امتحانات دیے جن میں سے 11 ہزار 502 کامیاب جبکہ 2 ہزار 535 فیل ہوئے۔ 198مجرموں نے ایم اے انگلش سمیت دیگر مضامین میں امتحان دیا جن میں سے 86 امیدوار پاس ہوئے جبکہ 107 گریجویٹ بن گئے۔ ایک خاتون مجرمہ نے بھی بی اے کے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ چالیس مجرموں نے قرآن پاک حفظ کرنے کا شرف حاصل کیا جبکہ 474 قیدیوں نے باترجمہ قرآن پاک پڑھا۔ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا کہ جیلوں میں بند 8 کمسن قیدیوں نے پرائمری، 8 نے مڈل، 36 نے میٹرک اور 9 نے ایف اے کا امتحان پاس کیا۔ 3 بچوں نے ادیب اردو کا کورس مکمل کیا۔ ان میں سے ایک نے العریبک، 112 نے تعلیم القران اور 37 نے ناظرہ قرآن مکمل کیا۔ خواتین قیدیوں میں 3 نے العریبک، 60 نے تعلیم القران اور 7 نے ناظرہ قرآن مکمل کیا جبکہ ایک خاتون نے بی اے کا امتحان پاس کیا۔
26 مجرموں نے پرائمری، 154 نے مڈل، 351 نے میٹرک، 293 نے ایف اے، 107 نے بی اے اور 86 مجرموں نے ایم اے کا امتحان پاس کیا۔ ذرائع کے مطابق پنجابی اور اردو فاضل میں 163، ادیب اردو کورس میں 269، اللیسان العریبک کورس میں 1241، الیکٹریکل کورس میں 1001 نے کامیابی حاصل کی۔ 4734 مجرموں نے تعلیم القرآن، 2563 نے ناظرہ قران مکمل کیا جبکہ 40 مجرموں نے جیل کی سلاخوں کے پیچھے قران پاک حفظ کیا اور 474 مجرموں نے باترجمہ قرآن پاک پڑھا۔ذرائع کے مطابق غیر مسلم قیدی بھی تعلیم حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں جن میں سے ایک نے مڈل، 2 نے میٹرک، 1 نے ایف اے کا امتحان پاس کیا۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات لاہور ریجن ملک مبشر خان نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ جیلوں کا ماحول یکسر تبدیل ہو گیا ہے ”نفرت انسان سے نہیں جرم سے ہے “ کے ماٹو پر سختی سے عمل ہو رہا ہے۔
پنجاب حکومت
پنجاب کی جیلوں میں بند 86 مجرم ایم اے میں پاس
