پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج
لاہور: (ملت آن لائن) پنجاب کے مختلف شہروں میں رات بھر دھند کا راج رہا۔ لاہور، ملتان، بہاولپور اور بہاول نگر سمیت مختلف شہروں میں صبح سویرے بھی دھند کی شدت کم نہ ہو سکی۔ دھند کے باعث متعدد مقامات پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ موٹروے کے مختلف سیکشن حد نگاہ صفر ہونے کے باعث بند کردیئے گئے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور گاڑیوں پر فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان کے محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے آئندہ دو دن تک دھند کی شدید لپیٹ میں رہیں گے جبکہ میدانی علاقوں میں آئندہ دو ہفتوں تک بارشوں کا امکان نہیں ہے۔
ڈائریکٹر محمد حنیف نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’پچھلے کئی ہفتوں سے پاکستان کے میدانی علاقوں میں موسم خشک ہے اور یہ غیرمعمولی صورتحال ہے اور ملک میں پر پانچ سے چھ سال بعد اس وقت اس قسم کا موسم بنتا ہے جب موسم سرما کی بارشیں تاخیر کا شکار ہوتی ہیں یا کم ہوتی ہیں۔‘
محمد حنیف کا کہنا ہے کہ بارشیں کم ہونے کی وجہ سے فضائی آلودگی زیادہ ہے اور بارانی علاقوں میں گندم کی کاشت کافی حد تک متاثر ہوئی ہے۔
’بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے ہی پچھلے پانچ دنوں سے ملک کے میدانی علاقوں میں خصوصاً پنجاب میں شدید دھند ہے اور گذشتہ دو دنوں میں ناصرف دھند کی شدت میں اضافہ ہوا بلکہ اس کے پھیلاؤ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اب یہ پنجاب کے میدانی علاقوں کے علاوہ سندھ کے بالائی میدانی علاقے سکھر، گھوٹکی اور خیبرپختونخوا کے جنوبی علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں تک پھیل چکی ہے۔‘