پنجاب حکومت

چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے بچوں کی پہلی عدالت کا افتتاح کردیا

چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے بچوں کی پہلی عدالت کا افتتاح کردیا
لاہور:(ملت آن لائن) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ منصور علی شاہ نے لاہور ڈسٹرکٹ کورٹ میں پہلی چائلڈ کورٹ کا افتتاح کردیا تاہم یہ پاکستان میں اپنی طرز کی پہلی عدالت ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتوں میں مقدمات میں دیر لگ جاتی ہے، ہم یہ دورانیہ کم کرنے کیلیے کوشاں ہیں لیکن اسکے باوجود بچوں کے مقدمات بھی زیر التوا تھے جس سے ان کی زندگی پر منفی اثرات پڑ رہے تھے، ہم بچوں کی کھیل کود کی زندگی کو عدالتوں کی نذر نہیں کر سکتے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے بتایا کہ یہ پائلٹ پراجیکٹ ہے جہاں سیشن و کریمنل کیسز کو علیحدہ کر رہے ہیں تاکہ مقدمات جلد از جلد نمٹائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کمرہ عدالت کا ڈیزائن بچوں کیلیے باسہولت ہے، ویٹنگ روم میں بچے کی کونسلنگ بھی کی جا سکے گی اور جلد پنجاب یونیورسٹی شعبہ سائیکالوجی کے طلبہ یہاں آئیں گے اور ہماری مدد کریں گے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے بعد جلد بزرگ شہریوں کے مقدمات کیلیے بھی علیحدہ عدالت قائم کی جائے گی۔ پراجیکٹ کا دائرہ سول مقدمات اور پھر تمام 36 اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔ چائلڈ کورٹ کا انٹیریئر ڈیزائن لٹل آرٹ نامی تنظیم نے کیا ہے جبکہ ویٹنگ روم میں پینٹنگز اور کھلونے نجی اسکول کے بچوں نے مہیا کیے، ایڈیشنل سیشن جج اختر بھنگو کو کورٹ کا جج تعینات کیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر 80 مقدمات بھیجے گئے ہیں۔ چیف جسٹس اور ججز کو گلدستے بھی پیش کیے گئے۔علاوہ ازیں چائلڈ کورٹ کے افتتاح کے موقع پر جج صاحبان، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل اور صدر لاہور بار بھی موجود تھے۔