پنجاب حکومت

کنیئرڈ کالج کو ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں نمایاں مقام حاصل ہے‘خلیل طاہر

لاہور (ملت + آئی این پی) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہاہے کہ طالبات کو اعلیٰ ، معیاری و جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور معاشرے کے ا صلاحی و آگہی پروگرامز کے حوالے سے کنیئرڈ کالج برائے خواتین کو ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں نمایاں مقام حاصل ہے ،ادارے سے فارغ التحصیل ہونہار اور ذہین طالبات دنیا بھر میں شاندار خدمات کے ذریعے ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔انہوں نے یہ بات کنیئرڈ کالج برائے خواتین کے دورہ کے موقع پر پرنسپل کالج ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔سماجی تنظیم فیسزپاکستان کے صدر جاوید ولیم،جنرل سیکرٹری ایلن عالم،انسانی حقوق کے کارکن ارون کمار اور کالج کے مختلف شعبوں کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔خلیل طاہر سندھو نے انسانی حقوق کی پاسداری خاص طور پر مختلف طبقات کی خواتین کے حقوق کے تحفظ اور شعور اجاگر کرنے کے لئے فیسز پاکستان جیسی فعال اور متحرک سماجی تنظیموں کے اشتراک سے کنیئرڈ کالج کے جاری اور مکمل ہونے والے مختلف سوشل پراجیکٹس کو سراہااور کہا کہ معاشرے کے ناخواندہ طبقوں میں خواتین پر تشدد اور استحصال کے خلاف آواز بلند کرنے ، امتیازی اور ناروا سلوک کے خاتمے اور مساوی حقوق کی فراہمی کیلئے اس ادرے نے حکومت پنجاب کو بھر پور تعاون اور مشاورت فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی اساتذہ اور طالبات تعلیم،سپورٹس اور ہم نصابی و سماجی سرگرمیوں میں انفرادی و اجتماعی طور پر قابل تحسین کردار ادا کر رہی ہیں۔پرنسپل کالج ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ نے وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو کو بتایا کہ کالج اب تک سوشل ایکشن کے چار سو سے زائد پراجیکٹس کے ذریعے انسانی حقوق خاص طور پر خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انسانی زندگی سے متعلقہ دیگر عوامل بارے آگاہی فراہم کر چکا ہے جبکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس،ڈائیلاگ اور سٹریٹ تھیٹر کے ذریعے مختلف مذاہب کے لوگوں اور معاشرے میں امن و سلامتی کے پرچار اور مثبت رویوں کے فروغ کے لئے حال ہی میں فیسز پاکستان کے اشتراک سے ایک نئے منصوبے پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔انہوں نے اس موقع پر حکومت پنجاب کی طرف سے خواتین کی ترقی،بااختیار بنانے،تشدد اور ہراساں کرنے کے خلاف قانون سازی،مساوی حقوق کی فراہمی اور دیگر تعلیم دوست اقدامات کو سراہا۔