پنجاب حکومت

ہم نے اپنی اننگز کھیل لی‘ اب نئی نسل نے وکٹیں بچانی ہیں: وزیر اعلیٰ

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے اپنی اننگز کھیل لی‘ اب نئی نسل نے وکٹیں بچانی ہے‘ اگلے سال تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی‘اگر دھرنوں اور لانگ مارچ نہ ہوں تو ملک ترکی اور چین کے برابر آسکتا ہے‘ میاں محمد نواز شریف کے پاس الہ دین کا چراغ نہیں کہ چٹکی بجاتے ہی مسائل حل ہوجائیں‘وزیراعظم تحریک انصاف کے کہنے پر کبھی استعفیٰ نہیں دیں گے۔بدھ کے روز ایوان اقبال میں ملک بھر کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا اور طالبات کو انعامات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہونے کے لیے نہیں بنا، فوج اور قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں، ضرب عضب نے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے پاس الہ دین کا چراغ نہیں کہ چٹکی بجاتے ہی مسائل حل ہوجائیں وزیراعظم تحریک انصاف کے کہنے پر کبھی استعفیٰ نہیں دیں گے۔ بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو سستی بجلی ملے گی اگر بجلی کے منصوبے مکمل ہوتے رہے تو اگلے سال ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔