پنجاب حکومت

ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری ہماری ذمہ داری ہے ، شہبازشریف

لاہور(آئی این پی ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت ہفتہ کو اڑھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں صوبے کے ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے ہیلتھ کئیرسسٹم کو بہتر سے بہتر بنانا ہماری ذمہ داری ہے اور پنجاب حکومت اس ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے کیلئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کئیر سسٹم کو عوام کی توقعات کے مطابق بنانے کیلئے نجی شعبے میں ہسپتال چلانے والی شخصیات کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے جہاں بے شمار چیلنجز ہیں وہاں پر ذاتی مفادات بھی موجود ہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے نجی شعبے کو بھی حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنا ہے۔ میں ذاتی طور پر ہسپتالوں کے دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری بہت ضروری ہے اوراس ضمن میں جتنے بڑے چیلنجز ہیں، میرا عزم اس سے کہیں بڑا ہے۔ ہسپتالوں میں علاج معالجے کی معیاری سہولتوں تک رسائی عام آدمی کا حق ہے۔آےئے یہ حق اسے لوٹانے کیلئے مل کر کام کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام تر اقدامات کا مقصد مریض کو بہتر علاج معالجہ دینا ہے اوراس حوالے سے نجی شعبے کا کردار بھی اہمیت کا حامل ہے۔دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے ہم نے ملکر کام کرنا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر انڈس ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر عبدالباری نے کہا کہ پنجاب میں جس تیز رفتاری سے کام ہوتا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ایڈمنسٹریٹرز پرائیویٹ سیکٹر ہسپیٹلز نے کہاکہ ہم ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری کیلئے آپ کے ساتھ ہیں۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیف سیکرٹری، پارلیمانی سیکرٹری عمران نذیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز اور طبی ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ پرائیویٹ سیکٹر میں ہسپتال چلانے والی این جی اوز اور ایڈمنسٹریٹرز بھی شریک ہوئے۔شالیمار ہسپتال کے روح رواں چوہدری احمد سعید، چیف ایگزیکٹو آفیسر شالیمار ہسپتال بریگیڈیئر (ر) انیس احمد، پیٹرن انچیف نور فا?نڈیشن شائمہ رحمن، صدر لیاقت نیشنل ہسپتال کراچی سید شاہد علی اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔