پنجاب حکومت

یوتھ لیپ ٹاپ سکیم: ڈیڑھ لاکھ لیپ ٹاپ خریدنے کی منظوری

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اتوارکواعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے کے ذہین اور ہونہار طلباء4 و طالبات کیلئے لیپ ٹاپ کی خریداری کے امور پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔وزیر اعلیٰ نے رواں مالی سال ڈیڑھ لاکھ لیپ ٹاپ فوری طورپر خریدنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ کی خریداری کا تمام عمل جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور طلباء4 و طالبات کیلئے جدید ترین ماڈل کے لیپ ٹاپ خریدے جائیں۔انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پروگرام نوجوانوں کوبااختیار بنانے کی جانب اہم قدم ہے اورپنجاب حکومت اربوں روپے کی لاگت سے لاکھوں لیپ ٹاپ پہلے ہی ہونہار طلباء4 وطالبات میں تقسیم کرچکی ہے جبکہ رواں مالی برس میرٹ کی بنیاد پر اربوں روپے کے مزید ڈیڑھ لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لیپ ٹاپ کی خریداری کے امور میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں ہونی چاہیے اورتمام امور انتہائی شفاف انداز سے فوری طورپر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی تقسیم کے پروگرام سے نوجوان عصر حاضر کے جدید تقاضو ں سے ہم آہنگ ہو رہے ہیں اور لیپ ٹاپ کے ذریعے نوجوان نت نئی ایجادات اور دنیا بھر میں بدلتے ہوئے حالات سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی سود مند سرمایہ کاری ہے اور پنجاب حکومت قوم کے بچوں اور بچیوں کو جدید علوم سے آگاہی دینے کے پروگراموں کیلئے وسائل کی فراہمی میں کمی نہیں آنے دے گی۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنا وقت اہم ترین تقاضا ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے انتہائی موثر اقدامات کئے گئے ہیں ۔نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کر کے بااختیار بنانا ہمارا مشن ہے اورمیرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے پروگرام کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم واحد راستہ ہے جس پر چل کر معاشرے سے انتہاپسندی کے رحجانات کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ۔پنجاب حکومت نے معیاری تعلیم اور جدیدعلوم کے فروغ کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔ صوبے کے سکولوں میں اربوں روپے کی لاگت سے آئی ٹی لیبز قائم کی گئی ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ سے زائد کم وسیلہ خاندانوں کے ہونہار بچے اور بچیاں اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کررہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے فروغ تعلیم کیلئے کئے گئے اقدامات امیر اور غریب کے درمیان خلیج کو کم کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز ، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔