پنجاب حکومت

الزام تراشی اورجھوٹ کی سیاست اپنی موت آپ مرچکی

لاہور:(ملت) : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2017 ء میں ترقی و خوشحالی کے اسی سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے جس کی بنیاد 2016ء میں رکھی گئی ہے اور 2017ء میں ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی سیاست ہو گی۔ 2017ء وعدوں اور منصوبوں کی تکمیل کا سال ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے دور میں گزشتہ برس مختلف شعبوں میں جوتیزرفتار ترقی ہوئی ہے، اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ توانائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے انتہائی تیزرفتاری اوراعلی معیار سے پایہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت بھی متعدد منصوبے تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں ۔ ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے کول پاور پراجیکٹ پر دن رات کام ہورہا ہے اور یہ منصوبہ رواں برس کے اوائل میں مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ 2017 میں احتجاج یا انتشار نہیں، صرف ترقی اورخوشحالی کی سیاست ہوگی اورجولوگ پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی روک کر تماشا لگانا چاہتے ہیں، وہ پہلے کی طرح آئندہ بھی ناکام و نامرادرہیں گے۔ پاکستان کے باشعورعوام نے 2014 اور 2016 میں احتجاجی سیاست سے لاتعلق رہ کرمٹھی بھر سیاسی عناصر کو آئینہ دکھا دیا ہے اورالزام تراشی ،جھوٹ اوراحتجاجی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے، جو لوگ عوام کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنا چاہتے تھے وہ سیاسی طور پر تنہا ہو چکے ہیں۔ ترقی وخوشحالی کے دشمنوں کو اپنے طرز عمل پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے عوام صرف اور صرف ترقی و خوشحالی اور امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں اورپاکستان مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ اقدارکی سیاست کی ہے ۔پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے سب کو ملکرچلنا ہے اور قوم کو اس کی کھوئی ہوئی منزل سے ہمکنا رکرنا ہے اور2017ء منصوبوں کی تکمیل کا سال ہوگا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔