پنجاب حکومت

تحریک انصا ف کی حکومت نےآتے ہی طاقتورمافیا پر ہاتھ ڈالا‘عثمان بزدار

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اب تک اربوں کی ہزاروں کنال اراضی کو واگزارکرایا جا چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیرجنگلات سردارمحمد سبطین نے ملاقات کی جس میں شجرکاری مہم پر پیشرفت اورقبضہ مافیا کے خلاف آپریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سردار عثمان بزدار نے شجرکاری مہم پر صوبائی وزیرجنگلات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری اراضی کو ہرصورت قبضہ مافیا سے واگزارکرایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ با اثرقبضہ مافیا نے سرکاری اراضی کو مال مفت سمجھ رکھا تھا، تحریک انصا ف کی حکومت نے آتے ہی طاقت ورمافیا پر ہاتھ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ اب تک اربوں کی ہزاروں کنال اراضی کو واگزارکرایا جا چکا ہے، با اثر افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق نااہل حکومت نے اداروں اور ملکی معیشت کو برباد کردیا ہے، ہم نے مل کر موجودہ چیلنجز پر قابو پانا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کپتان سچ بولتا ہے اور عوام کو سچ بتاتا ہے، قوم کی حمایت سے مشکل حالات سے جلد باہر نکلیں گے۔