پنجاب حکومت

ترقیاتی منصوبے: شفافیت ،معیاراور تیز رفتاری اولین ترجیح

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منگل کویہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ، صحت ،پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ عوام کو ریلیف اور معیاری بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے صوبے میں میگا پراجیکٹس مکمل کئے گئے ہیں اور پنجاب کے مختلف شہروں میں اربوں روپے کی لاگت سے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت ،معیاراور تیز رفتاری سے تکمیل کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہاہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ کفایت شعاری کی پالیسی کے تحت بچائے گئے وسائل بھی عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کئے جارہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے وسائل کا رخ کم ترقی یافتہ علاقوں کی طرف موڑ دیاہے اور جنوبی پنجاب میں اربوں روپے کے اضافی وسائل ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ ملتان میٹروبس سروس نے جنوبی پنجاب کے عوام کو جدید ، با کفایت اور تیز رفتار سفری سہولتیں فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت پنجاب بھر کے دیہی علاقوں میں ہزاروں کلو میٹر طویل سڑکیں بنائی گئی ہے۔ سڑکو ں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام سے دیہی علاقوں میں کاشتکاروں اور دیہی آبادی کو آمدورفت میں سہولت ملی ہے۔صوبائی وزراء4 میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، عائشہ غوث پاشا، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ، کمشنر لاہور ڈویڑن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔