پنجاب حکومت

جعلی ادویات کیخلاف سزائیں سخت کی جائینگی :شہباز

لاہور: (ملت): وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور صحت کے شعبہ کی بہتری کے لئے انقلابی نوعیت کی اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ پنجاب حکومت نے مریضوں کو معیاری ادویات کی فراہمی کا مربوط پروگرام تشکیل دیا ہے۔ جعلی و غیر معیاری ادویات کی تیاری و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔جعلی و غیر معیاری ادویات تیار کرنے والے عناصر معاشرے کا ناسور ہیں اور اس مکروہ کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جعلی و غیرمعیاری ادویات تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سزائیں اور جرمانے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں ڈرگ ایکٹ میں ترامیم کی جا رہی ہیں۔جعلی و غیر معیاری ادویات تیار کرنے والی قتل گاہوں کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے۔ جعلی و غیر معیاری ادویات کی تیاری و فروخت کرنے والوں کے خلاف سزائیں سخت کی جائیں گی اورایسے عناصر کی بیخ کنی کیلئے جرمانوں میں اضافہ کیا جائے گا ۔ صوبے سے جعلی اور غیر معیاری ادویات کا خاتمہ کر کے دم لیں گے ۔جعلی اور غیر معیاری ادویات کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر موت کے سوداگر ہیں اس لئے جعلی اور غیر معیاری ادویات تیار اور فروخت کرنے والوں کو نشان عبرت بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ جعلی اور غیر معیاری ادویات تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی اور اس مکروہ کاروبار کا صوبے سے مکمل خاتمہ کر دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ معیاری ادویات ہر مریض کا حق ہے اور یہ حق اسے ہرصورت پہنچائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں کیونکہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے سود مند سرمایہ کاری ہے ۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے صحت کے شعبہ میں نمایاں کا م کیا ہے اور صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے پنجاب حکومت کے اقدامات بے مثال ہیں۔