پنجاب حکومت

حکومت پنجاب نےرائیونڈ کےتبلیغی اجتماع کےمکمل انتظامات ونگرانی کیلئےوزیرمعدنیات کی سربراہی میں15رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

لاہور۔(ملت آن لائن)حکومت پنجاب نے رائیونڈ کے تبلیغی اجتماع کے مکمل انتظامات اور نگرانی کیلئے فوری طور پر وزیر معدنیات حافظ عمار یاسرکی سربراہی میں 15رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، جس کا با قاعدہ نوٹیٖفیکیشن جاری کردیا گیا ہے، اس کمیٹی کے دیگر ممبران میں ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، ایل ڈی اے ، ریسکیو 1122، لیسکو، محکمہ صحت، سالڈ ویسٹ کمپنی، ہوم ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور، تبلیغی جماعت کے 3 اراکین اور دیگر منتخب کردہ نمائندہ ہونگے،کمیٹی تمام انتظامات مکمل کر کے حکومت کو رپورٹ ارسال کریگی، صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر کی سر براہی میں یہاں یکم نومبر سے شروع ہونے والے تبلیغی اجتماع کے سلسلہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا، اس موقع پرمختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے، اجلاس میں صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے مختلف محکموں کے افسران کی عدم شرکت پر اظہار برہمی کیا، انہوں نے بتایا کہ تبلیغی اجتماع کا انعقاد دو مختلف مرحلوں میں ہوگا ، پہلا مرحلہ یکم تا 3 نومبر اور دوسرا مرحلہ 12تا14نومبرکو ہوگا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اجتماع گاہ میں فول پروف سکیورٹی کے انتظامات ہونگے، اجتماع گاہ میں اہم مہمانوں کی سٹیج تک رسائی کا بہترین انتظام بھی کیا جائیگا، شرکاء اجتماع کی آمدورفت کیلئے منظم ٹریفک پلان مرتب کیا جائیگا تاکہ کسی بھی قسم کی بدنظمی نہ ہونے پائے، شرکاء اجتماع کی آمد و رفت کیلئے منظم ٹریفک پلان مرتب کیا جائیگا، پانی کی بلا تعطل فراہمی میں کوئی کسر نہیں آنےدی جائیگی، جبکہ سیوریج کا بھی بہترین انتظام عمل میں لایا جائیگا، اجتماع گاہ میں صفائی ستھرائی راؤنڈ دی کلاک کی جاتی رہے گی، اجتماع گاہ میں میڈیکل کیمپس مختلف مقامات پر قائم کئے جائیں گے، ریسکیو 1122 کسی بھی ایمر جنسی میں عملے اور ایمبولینس کے قافلے کے ہمراہ اپنے فرائض انجام دیں گے، انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل لیول کے اس پروگرام میں کسی قسم کی کوتاہی ،غفلت اور لا پرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔