پنجاب حکومت

حکومت پنجاب نے خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں،حمیدہ وحید الدین

لاہور(ملت آن لائن،اے پی پی)صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے حکومت پنجاب نے دور رس نتائج کے حامل اہم اقدامات کئے ہیں۔وہ منگل کو یہاں پنجاب کمیشن برائے مقام خواتین کے زیر اہتمام لاہور چیمبر اینڈ انڈسیز میں ویمن لیڈر شپ کے موضوع پر ورکشاپ سے خطاب کر رہی تھیں جس میں صوبائی کمیشن برائے مقام خواتین کی چےئر پرسن فوزیہ وقار کے علاوہ خواتین ایم پی ایز ،چیمبر کے صدر عبدالباسط ،ویمن چیمبر کی سابق صدر ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم ا ور چیمبر کی اراکین نے شرکت کی اور پنجاب حکومت کے محکمانہ بورڈز اور کمیٹیوں میں خواتین کی تعداد 33فیصدکرنے کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خواتین ملکی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں موثر نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام بورڈز کمیٹیوں اور خود مختار اداروں میں خواتین کی33فیصد نمائندگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔خواتین کمیشن کی چےئرپرسن فوزیہ وقار نے کہا کہ تمام بورڈز اور کمیٹیوں میں خواتین کی 33 فیصد نمائندگی سے اداروں کو تقویت حاصل ہو گی اور صنفی مساوات کو فروغ حاصل ہو گا ۔چیمبر کے صدر عبدالباسط نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیمبر خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنانے کے لئے کوشاں ہے کیونکہ مضبوط معیشت ہی ملکی ترقی کی ٹھوس بنیاد ہے ۔