پنجاب حکومت

حکومت پنجاب نے 2 ترقیاتی سکیموں کیلئے 6 ارب 18 کروڑسے زائد کی منظوری دیدی

لاہور (ملت + آئی این پی) چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد جہانزیب خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2016-17 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 62 ویں اجلاس میں انرجی اور لٹریسی سیکٹرز کی کل 2 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 6 ارب 18 کروڑ28 لاکھ 55ہزار روپے کی منظوری دے دی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 62 ویں اجلاس کی صدارت کے دوران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،جبکہ صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے 62ویں اجلاس میں جن 2 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں صوبہ پنجاب میں خادم پنجاب اجالا پروگرام کے سلسلہ میں ماہرین کی خدمات کے حصول (پی سی II) کیلئے 50 کروڑ 53 لاکھ 23 ہزار روپے اور صوبہ پنجاب میں نان فارمل ایجوکیشن پراجیکٹ (ترمیمی) کیلئے 5 ارب 67 کروڑ 75 لاکھ 32 ہزار روپے شامل ہیں۔