پنجاب حکومت

خادم پنجاب اجالا پروگرام شروع کرنے کی منظوری

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ’’خادم پنجاب اْجالا پروگرام‘‘ شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت صوبے کے 10 ہزار سکولوں کو سولر پر منتقل کیا جائے گا۔ ’’خادم پنجاب اْجالا پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب کے سکولو ں سے کیا جار ہا ہے اور اس پروگرام کو مرحلہ وارآگے بڑھایا جائے گا۔ ’’خادم پنجاب اْجالا پروگرام‘‘ کو رواں سال کے آخر تک مکمل کیا جائے گا اور اس کی مانیٹرنگ کیلئے موثر میکانزم بھی وضع کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے منگل کو یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ’’خادم پنجاب اْجالا پروگرام‘‘ کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’خادم پنجاب اجالا پروگرام‘‘ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کے تحت دور دراز علاقوں کے بجلی سے محروم سکولوں کو سولر پینلز کے ذریعے روشن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام پر عملدرآمد کے حوال سے چین میں روڈ شو منعقد کیا جائے جس میں معروف کمپنیوں کو مدعو کیا جائے۔پروگرام پر عملدرآمد کیلئے کنسورشیم بنا کر آگے بڑھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے کنسلٹنٹ کی مشاورت سے9ڈویڑنوں میں منتخب سائیٹس کا سروے کرایا جائے اور پروگرام کو آگے بڑھانے کیلئے قائداعظم سولر پارک کمپنی کی معاونت بھی حاصل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے نونہالوں کوبہتر ماحول میں تعلیمی سرگرمیوں کے حصول کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی تمام توجہ علم کی دولت سمیٹنے پر صرف کریں اور علم کی دولت سے مالا مال ہو کر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کو سولر پر منتقل کرنے میں پہلے ہی تاخیر ہوچکی ہے، اب ہمیں محنت سے کام کرکے اس کی تلافی کرنا ہے اور ’’خادم پنجاب اْجالا پروگرام‘‘ کا لائحہ عمل طے کرکے تیزی سے آگے بڑھنا ہے۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ پروگرام کے اہم خد و خال اور اسے آگے بڑھانے کیلئے 7 روز میں حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں میں شفاف پالیسی کے مطابق اس پروگرام کی مانیٹرنگ کیلئے بھی جامع اور موثر نظام وضع کیا جائے اور ایک ایک پائی کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ قبل ازیں سیکرٹری توانائی نے ’’خادم پنجاب اْجالا پروگرام‘‘ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء4 رانا مشہود احمد، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، مشیر ڈاکٹر عمر سیف، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔